• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

11 ماہ کے دوران چاول کی بر آمدات میں مجموعی طور پر31فیصداضافہ

کراچی(اسٹاف رپورٹر)رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان(ریپ)کے سینئر وائس چیئرمین رفیق سلیمان نے ماہ مئی کے اختتام پر چاول کی بر آمدات کے اعداد و شمار کے حوالے سے ایک بیان میں کہا ہے کہ گزشتہ مالی سال کے مقابلے میں موجودہ مالی سا ل جولائی تا مئی 2018میں چاول کی بر آمدات میں نمایاں اضافہ ہوا ہے ۔ انہوں نے بتایاکہ موجودہ مالی سال میں ہم نے35لاکھ7ہزار میٹرک ٹن چاول بر آمد کیا ہے جس کی مالیت تقریباََ ایک ارب 74کروڑ ڈالر ہے جبکہ گزشتہ مالی سال میں اسی عرصے کے دوران ہم نے29لاکھ 70ہزار میٹرک ٹن چاول بر آمد کیا تھا جسکی مالیت تقریباََ ایک ارب 32کروڑ ڈالر تھی یعنی اس سال چاول کی برآمدات میں مقدار کے حساب سے 18فیصد اور مالیت کے حساب سے 31فیصد ترقی ہوئی ہے ۔ رفیق سلیمان نے چاول کی بر آمدات میں نمایاں اضافے پر مسرت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ گزشتہ کئی سالوں سے چاول کی بر آمدات شدید متاثر تھیں لیکن ٹی ڈیپ ،ریپ اور کسٹم کے عہدیداران کی مشترکہ کوششوں کی وجہ سے بھی چاول کی بر آمدات کی مالیت میں بہتری آئی ہے۔یہی وجہ ہے کہ ماہ مئی کے اختتام پر صرف باسمتی چاول کی مالیت میں گزشتہ سال کے مقابلے میں 35 فیصد کا ریکارڈ اضافہ ہوا ہے ۔اسکے علاوہ انڈونیشیا کے جاری کردہ 2لاکھ ٹن چاول کے ٹینڈر ز کی وجہ سے بھی پاکستانی نان باسمتی چاول کی برآمدات میں بہتری آئی ہے ۔ رفیق سلیمان نے پانی کے بحران کے سلسلے میں حالیہ خبروں پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ دیگر ممالک مثلاََ تھائی لینڈ ، ویتنام ، چین وغیرہ میں سال میں چاول کی 2سے 3فصلیں حاصل ہوتی ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ افسوس کی بات یہ ہے کہ دنیا کے کئی ممالک ہر سال نئے ڈیم تعمیر کرتے ہیں جبکہ ہمارے یہاں ایک انتہائی اہم کالا باغ ڈیم کی تعمیر گذشتہ کئی دہائیوں سے داخلی سیاست کی نذر ہورہی ہے حالانکہ اس ڈیم کی تعمیر ہر لحاظ سے ملکی ترقی کیلئے نہایت ضروری ہے۔
تازہ ترین