• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دنیا کی سب مقبول ترین رہائش گاہ ’’وائٹ ہاؤس‘‘

دنیا کی سب مقبول ترین رہائش گاہ ’’وائٹ ہاؤس‘‘

وائٹ ہاؤس کو دنیا کی مقبول ترین رہائش گاہ کے نام سے جانا جاتا ہے،دنیا کی اکثریت وائٹ ہاؤس کے بارے میں معلومات رکھتی ہے۔ جس عمارت کو دنیا ’’وائٹ ہاؤس،، کے نام سے جانتی ہے ،وہ ریاست ہائے متحدہ امریکا کے صدر کی سرکاری رہائش گاہ اور مرکزی آفس ہے۔یہ عمارت واشنگٹن ڈی سی میں واقع ہے ،اس عمارت میں اوول آفس صدر کا رسمی دفتر ہے جو کہ سب سے مقبول کمرہ ہے۔ 

اس کمرے میں امریکی صدر سفارتکاروں، عملے، وفود اور سربراہان مملکت سے ملاقاتیں کرتے ہیں۔وائٹ ہاؤس جیسی تمام عمارتیں ضروری چیزوں سے لیس ہوتی ہیں جن میں ہیلی پیڈز سے لے کر انمول آرٹ کے شہ پارے شامل ہیں۔ وائٹ ہاؤس کی تعمیر سے متعلق کچھ اہم معلومات آپ کو بتاتے ہیں۔

تعمیراتی لاگت ،مدت اور ماہر ڈیزائن

وائٹ ہاؤس کی تعمیر 225برس پہلے 1792 ءمیں شروع کی گئی اور آٹھ سال کے عرصےمیں دنیا کی اس مقبول ترین عمارت کی تعمیر مکمل ہوئی ۔ 1792 ءمیں وائٹ ہاؤس کی تعمیر کے لیے ماہر ڈیزائنر زکے مابین مقابلوں کا انعقاد کیا گیاجسے آئرش آرکیٹیکٹ جیمز ہوبن نے جیتا ۔ اس طرح عمارت ڈیزائن کرنے کا سہراآئرش ماہر تعمیر جیمز ہوبن کے سر سجا۔وائٹ ہاؤس کی تعمیر پر232,372ڈالر خرچ کئے گئے۔2016 ءمیں امریکی جریدےبیرونز نے موجودہ مارکیٹ کے تناسب سے امریکی صدر کی سرکاری رہائش گاہ کی ممکنہ قیمت کا تعین کیا جس کے مطابق وائٹ ہاؤس کی قیمت صرف 9 کروڑ ڈالر متعین کی گئی۔جس پر اختلاف بھی سامنے آیا۔

وائٹ ہا ؤس کا سفید رنگ وروغن

ہم میں سے اکثر لوگ وائٹ ہاؤس کے سفید رنگ کو اس کے نام ’’وائٹ ہاؤس ،، کی وجہ جانتے ہیں تاہم حقیقت میں ایسا کچھ نہیں ہے ۔اس عمارت کا حقیقی رنگ زردی مائل تھا اور اس کی دیواریں چونے کے پتھر سے تیار کی گئی تھیں۔یہ دیواریں سرد موسم میں منجمد ہوجاتی تھیں جس کے باعث ملازمین کوموسم کے اثرات زائل کرنے کے لیے خاصی محنت کرنا پڑتی تھی۔

دنیا کی سب مقبول ترین رہائش گاہ ’’وائٹ ہاؤس‘‘

تعمیر کے بارہ سال بعد صدارتی ہاؤس کے لیے وائٹ ہاؤس کی اصطلاح استعمال کی گئی،1818ء میں سفید رنگ سے اسے رنگا گیا۔ وائٹ ہاؤس کے بیرونی حصے پر رنگ وروغن کے لیے570گیلن رنگ کا استعمال کیا گیا ۔وائٹ ہاؤس کی تعمیر کے کئی عرصے بعد تک اسےوائٹ ہاؤس کے بجائے مختلف ناموں مثلاً پریذیڈنٹ پیلس،پریذیڈنٹ ہاؤس اور ایگزیکٹو مینشن کے نام سے پکارا جاتا رہا۔

اندرونی حصے کی خصوصیات

امریکی خانہ جنگی تک وائٹ ہاؤس کو ملک کی سب سے بڑی عمارت تسلیم کیا جاتا رہا۔دنیا کی مقبول عمارتوں میں شامل وائٹ ہاؤ س سے متعلق کیا آپ جانتے ہیں کہ یہ عمارت 55,000اسکوائر فٹ پر مشتمل ہے جس میں 132کمرے،32باتھ روم،412دروازے،147کھڑکیاں،28آتش دان،8سیڑھیاںاور 3 لفٹس ہیں ۔ وائٹ ہاؤس میں ٹینس کورٹ ،گارڈن،جاگنگ ٹریک ،سوئمنگ پول،بلیئرڈ روم اور باسکٹ کورٹ موجود ہے۔وائٹ ہاؤس میں کھانے کے دو کمرے ہیں، ایک صدارتی خاندان اور دوسرا عالمی رہنماؤں کی دعوت کے لیے ہے۔ 

وائٹ ہاؤس کے کھانے کے کمروں کی تعمیر اس طرز پر کی گئی ہے کہ 140افراد کا انتظام ایک وقت میں باآسانی کیا جاسکتا ہے۔جبکہ وائٹ ہاؤس میں مہمانوں کے کھانے پینے کا بندوبست کرنے کے لیے 5 کل وقتی شیف موجود ہیں۔ایک اندازے کے مطابق وائٹ ہاؤس میں تقریباً 6000سیاح روزانہ آتے ہیں جہاں ان سے کسی قسم کی انٹری فیس وصول نہیں کی جاتی ۔

وائٹ ہائوس کی سیاسی اہمیت

وائٹ ہائوس کو یہ فخر حاصل ہے کہ یہاں آنے والے تمام صدور کی مکمل تاریخ درج ہے جس کے حوالے سے اسے ایک میوزیم کی حیثیت بھی حاصل ہے ۔ یہ وہ مقام ہے جہاں امریکی شناخت کے تمام مدارج نقش ہیں اور سفید رنگ کی حلاوٹ نے اسے منفرد مقام دیا ہے ۔ اس کی سیاسی اہمیت کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ یہاں آنے والے حکمرانوں کا ہمیشہ ایک خواب رہا ہے کہ وہ وائٹ ہائوس میں ایک رات گزاریں جس کے ڈیزائن اور انٹیریئر ڈیکوریشن کی دنیا بھر میں شہرت ہے۔ 

دنیا کی سب مقبول ترین رہائش گاہ ’’وائٹ ہاؤس‘‘

اس عمارت کی مضبوطی اور پائیداری ایک ایسا عنصر ہے جس نے یہاں پر مکین صدور کو تحفظ حیات کا سب سے زیادہ موقع فراہم کیا ہے ۔ وائٹ ہائوس کو امریکی سیاست سے نکالا نہیں جا سکتاکیوں کہ امریکا کی اوائلی تاریخ سے بھی وائٹ ہائوس کو نمایاں مقام حاصل رہا ہے۔ دنیا بھر کے سربراہان مملکت یہاںاپنی آمد کو اعزاز سمجھتے ہیں اور اس محل نما عمارت میں قیام ان کا دیرینہ خواب ہوتا ہے ۔ اسے تفریح گاہ کے طور پر سیاحوں کے لیے ایک سیاحتی مقام کی حیثیت بھی حاصل ہے ۔

تازہ ترین