• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گھر کی تعمیر کے انداز جو بخشیں اسے بیرونی دلکشی

نئے گھر کی تعمیر میں ہمیں چند چیزوں کا خیال لازمی رکھنا چاہیے۔ گھر کی تعمیر میں پائیداری کو ضرور مدِ نظر رکھنا چاہیے، کیوں کہ وہ گھر صرف آپ ہی نہیں، بلکہ آپ کی آنے والی نسلیں بھی استعمال کریں گی۔ اس کے علاوہ، گھر کا ایسا نقشہ بنوانے پر زور دیا جاتا ہے، جس میں گھر کے کمروں کو بڑے سے بڑا رکھا جائے اور مروجہ تعمیراتی قوانین پر بھی سمجھوتا نہ ہو۔ گھر کی سیکیورٹی کے پہلو کو بھی مدِنظر رکھا جاتا ہے۔

اس کے علاوہ، جدید گھروں میں قدرتی روشنی اور ہوا کی گزر کے لیے خصوصی انتظامات کیے جاتے ہیں۔ جب بات گھر کو خوبصورت بنانے کی آتی ہے تو یہ کام تعمیر مکمل ہونے کے بعد، گھر کی اندرونی تزئین و آرائش کے وقت کے لیے چھوڑ دیا جاتا ہے، تاہم آج ہم آپ کو بتائیں گے کہ جہاں گھر کی خوبصورتی کے لیے انٹیریئر ڈیزائننگ انتہائی اہم ہے، وہاںآپ دورانِ تعمیر چند چیزوں پر کام کرکے گھر کی بیرونی دلکشی کو بھی چار چاند لگا سکتے ہیں۔

گھرکی بیرونی دلکشی کے لیےچند بنیادی نوعیت کے غور طلب پہلو۔

بیرونی حصہ کیسے بنایا جائے؟

گھر کا بیرونی حصہ ڈیزائن کرنا ایک پیچیدہ عمل ثابت ہو سکتا ہے کیوں کہ اِس میں رنگوں، مواد، اور مختلف زاویاتی شکلوں کی بڑی تعداد استعمال ہوتی ہے۔ صرف کوئی معمار ہی یہ ذمہ داری صحیح طریقے سے نبھا سکتا ہے۔

بیرونی حصے کا کوئی انداز چنیں

پہلا قدم گھر کے بیرونی حصے کا انداز چننا ہوتا ہے۔ ایک بار آپ نے یہ فیصلہ کر لیا کہ آپ جدید، دیہی اور گھریلو انداز میں سے کون سا انداز اپنانا چاہتے ہیں تو اس کے بعد باری آتی ہے مواد چننےکی۔ آپ کے پاس اینٹیں، سیمنٹ، لکڑی، لوہا اور اِس کے علاوہ بھی بہت سے انتخابات موجود ہیں، جن میں سے آپ ایک یا زائد کوچُن سکتے ہیں۔

ایک بار جب آپ ان تمام بنیادی عوامل پر غور کرلیں، تو اس کے بعد اب باری آگئی ہے کہ آپ اپنی سوچ کو عملی شکل دینا شروع کریں۔

گھر کی تعمیر کے انداز جو بخشیں اسے بیرونی دلکشی

داخلی دروازہ

کسی بھی گھر میں داخل ہونے کے لیے ہم بیرونی دروازے کا استعمال کرتے ہیں۔آج کے جدید دور میں عام طور پر بیرونی دروازے پر دو گیٹ استعمال کیے جاتے ہیں۔ ایک چھوٹا گیٹ پیدل گزرنے والوں کے لیے اور دوسرا بڑا گیٹ گاڑی وغیرہ گزارنے کے لیے۔ بیرونی داخلی دروازہ ناصرف آپ کے مہمانوں کو متاثر کرتا ہے، بلکہ گھر کے باہرسے گزرنے والے تمام لوگوں کو بھی اپنی جانب متوجہ کرتا ہے۔ آپ بیرونی داخلی دروازے کے لیے لکڑی کے دروازے کا انتخاب کریں یا پھر لوہے کا ، اس بات کا خاص خیال رکھیں کہ اس کا سائز اور ڈیزائن ایسا ہو کہ یہ کسی محل کا نظارہ دے۔

خوبصورت عمارتی مواد کی دیوار

آپ اپنے گھر کے بیرونی حصے کو خوبصورت بنانے کے لیے دلکش انداز کی دیوار بھی استعمال کر سکتے ہیں۔ اس مقصد کے لیے مارکیٹ میں نت نئے اسٹائل کا تعمیراتی مواد موجودہے، جیسا کہ مختلف نوعیت کا پتھر، پتھر کی اینٹیں، یا بٹھی میںپکی ہوئی لال اینٹیں وغیرہ۔

خوبصورت استقبالی پودے

گھر کے بیرونی حصے کو مزید خوشگوار اوردلفریب بنانے کے لیےاس میں خوبصورت پھولوں والے پودے لگائیں۔ مرکزی دروازے کے ساتھ سر سبز پودے کا گملہ سجا دیں۔یہ بیرونی ماحول میں ایک دلکش قدرتی اضافہ کر دے گا۔ اگر گھر کے مرکزی دروازے کے ساتھ جگہ موجود ہو تو ایک چھوٹی سی پھولوں کی کیاری ڈیزائن کریں۔ جس میںلگے رنگ برنگے دلکش پھول آنے والے مہمانوں پر ایک اچھا اور مؤثر تاثر چھوڑیں گے۔

اسٹائلش چھت

اپنے گھر کی بیرونی وضع کو نمایاں اور خوبصورت بنانے کے لیے اس کے ڈیزائن میں انوکھا پن لائیں جو کہ دیکھنے والوں کے لیے کشش رکھتا ہو۔ اپنے گھر کی چھت کو تکونی شکل میں ڈیزائن کریں۔یہ ایک جدید اور منفرد اسٹائل ہے۔ اس قسم کی چھت کے اسٹائل میں بالکونی میں کھڑے ہو کر قدرتی مناظر سے لطف اندوز ہونے کے لیے ایک مناسب خالی جگہ چھوڑ دیں، جو نا صرف گھر کی بناوٹ میں دلکشی پیدا کرے گی بلکہ اس سے یہ ایک منفرد اسٹائل کی صورت اختیار کر جائے گا۔

دیہاتی اسٹائل

اپنے گھر کی بناوٹ میں آپ دیہی اسٹائل کو بھی اپناسکتے ہیں۔ گھر کی بنیادوں میں پتھروں کا استعمال کریں۔ اس سے گھر مضبوط ہونے کے ساتھ دیہاتی اسٹائل میں بھی ڈھل جائے گا۔ اس کے برآمدہ کو لکڑی کے تختوں سے ڈھانپ دیں اور اسے موسم سے لطف اندوز ہونے کے لیے استعمال کریں۔ برآمدے کے کناروں پر بید کی بنی باڑ استعمال کریں اور اسے قدرتی رنگ دینے کے لیے ان پر خوبصورت پودوں کے گملے لٹکائیں۔

پُرتعیش ڈیزائن

اس ماڈل میں سادہ مگر پُرتعیش ڈیزائن کو اپنایا جاتاہے۔ گھر میں داخل ہونے کے لیے خوبصورت سیڑھیوں کا استعمال جبکہ ان کو دلکش آہنی ریلنگ سے مزین کیا جاتاہے۔ برآمدے کی چھت پر ہلکے نیلے رنگ کا استعمال اسے نہایت دیدہ زیب بنا تا ہے۔ گھر میں داخلے کے لیے سرکنے والے شیشوں کے دروازوں کا استعمال اسے جدت پذیر اور پُرتعیش بنا تا ہے۔ گھر میں قدرتی آب وہوا سے تر وتازہ ہونے کے لیے آپ خوبصورت لان بھی تشکیل دے سکتے ہیں۔

تازہ ترین