• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جامعہ کراچی کے تمام انسٹیٹیوٹس میں قواعد کے تحت فیصلے کئے جائیں، ٹیچرزفورم

کراچی (اسٹاف رپورٹر) کراچی یونیورسٹی ٹیچرز فورم نے مطالبہ کیا ہے کہ جامعہ کراچی میں اقرباء پروری کے سلسلے کوبند کیا جائے اور جامعہ کراچی کے تمام انسٹیٹیوٹس اور مراکز میں قواعد وضوابط کے تحت میرٹ پرفیصلے کئے جائیں۔ فورم کےسربراہ ایس ایم طحہٰ نے اساتذہ کو عید کی مبارکباددیتے ہوئے کہاکہ ہم اساتذہ کو اس بات کایقین دلاتے ہیں کہ ہم ان کی نمائندگی کا حق بھرپور طریقے سے ادا کرتے رہیں گے۔ کیونکہ ہم انتظامیہ کے نہیںبلکہ اساتذہ کے نمائندے ہیں۔ ایس ایم طحہٰ نے کہا کہ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی کے صدر ڈاکٹر جمیل کاظمی کی قیادت اور اساتذہ کے اتحاد کی بدولت نئے رجسٹرار کی تقرری ہو گی۔ عید الائونس کا اجرا ہو گیا الیکشن ڈیوٹی نہ کرنے کا فیصلہ برقرار رہا اور پی ایچ ڈی کے الائونس میں اضافہ بقایا جات کے ساتھ ہو گیا۔ انہوں نےکہاکہ انجمن اساتذہ جامعہ کراچی تمام اساتذہ کو اس بات کا یقین دلاتی ہے کہ وہ عید کے بعد سلیکشن بورڈز کے فوری انعقاد، نئی اسامیوں کی تشہیر، تحقیقی گرانٹ کے فوری اجراء، میڈیکل پالیسی پر عمل اور پروموشن کے بقایا جات کی ادائیگی کے لئے کوششیں تیز کر دے گی اور ہم انتظامیہ کو ابھی سے آگاہ کرتے ہیں یکم اگست 2018 کی تنخواہوں میں بجٹ کے اعلان کردہ تنخواہوں میں 15 فیصد اضافہ ہونا چاہئے۔ کیونکہ اب اساتذہ فنڈز نہ ہونے کی دلیل سننے کو تیار نہیں ہیں۔

تازہ ترین