• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

عید کی خوشیوں میں غریبوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے،آصف زرداری

اسلام آباد، کراچی(نمائندہ جنگ، اسٹاف رپورٹر) سابق صدرِ پاکستان اور پاکستان پیپلز پارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف علی زرداری، امیر جماعت اسلامی سراج الحق، مسلم لیگ (ق) کے رہنما شجاعت حسین، پرویز الٰہی، افتخار چوہدری اور مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمد نے اپنے الگ الگ عید کے پیغامات میں کہا ہے کہ عید کی خوشیوں میں غریبوں کو بھی یاد رکھنا چاہیے، قوم پاکستان کو فلاحی مملکت بنانے کا عزم کرے، آج ہر پاکستانی کو عوام اور ملک کی سچی خدمت کرنے والوں کو ووٹ دینے کا عہد کرنا چاہئے،یہ دن بھائی چارے کا درس دیتا ہے ۔ آصف علی زرداری نے اپنے پیغام میں عید کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ ماہِ رمضان کی برکتیں ہمیشہ ہم سب کے ساتھ رہیں۔ اپنے پیغام میں آصف علی زرداری نے اس بات کی ضرورت پر زور دیا کہ ماہِ رمضان کا جذبہ سارا سال جاری رہنا چاہیے ۔ آج کے دن ہمیں غریبوں اور ضرورت مندوں کو یاد رکھنا چاہیے اور انہیں اپنی خوشیوں میں شریک کرنا چاہیے۔پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم چودھری شجاعت حسین، سینئرمرکزی رہنما و سابق نائب وزیراعظم چوہدری پرویزالٰہی اور مونس الٰہی نے بھی پوری قوم اور ملت اسلامیہ کو عیدالفطر کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ عید کے مبارک موقع پر ہر پاکستانی کو عوام اور پاکستان کی سچی خدمت کرنے والوں کو ووٹ دینے کا عہد کرنا چاہئے تاکہ 1947ء کے مبارک ماہ صیام میں جن اعلیٰ مقاصد کیلئے یہ پاک وطن حاصل کیا گیا تھا ان کی تکمیل ہو سکے۔دریں اثناءامیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے عید الفطر پر قوم کو مبارک باد دی ہے اورقوم کے نام اپنے پیغام میں کہا ہے کہ قیام پاکستان کا ایک واضح مقصد تھا کہ ہم اس خداداد مملکت کو ایک حقیقی اسلامی و فلاحی ملک بنائیں گے ،اس عظیم مقصد کے حصول کیلئے قوم کو ایک نئے عزم سے اٹھنا ہوگااور اللہ تعالیٰ سے کئے گئے عہد و پیمان کو پورا کرنا ہوگا۔2018کے الیکشن میں تخریبی سیاست کا خاتمہ کرکے پاکستان میں ایک حقیقی جمہوری معاشرے کا قیام، افراد اور خاندانوں کی بادشاہت کا خاتمہ اور ووٹ کی طاقت سے استحصالی اور کرپٹ قیادت کا محاسبہ ،یہ وہ نمایاں اہداف ہیں جن کو حاصل کئے بغیر ہم آگے نہیں بڑھ سکتے جبکہ پاکستان جسٹس و ڈیموکریٹک پارٹی کے صدر اور سابق چیف جسٹس افتخار محمد چوہدری عیدالفطر لاہور میں منائیں گے۔ اپنے پیغام میں انہوں نے تمام اہل وطن کو عید کی مبارک دیتے ہوئے کہا کہ یہ دن اہل اسلام کو رمضان المبارک میں خدا تعالی کی خوشنودی کے لئے اپنی خواہشات کو قربان کرنے پر خوشیوں کی نوید کے ساتھ با مقصد جدوجہد احترامِ انسانیت اور باہمی اخوت و بھائی چارے کا درس دیتا ہے۔مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان) کے چیئر مین آفاق احمد نے قوم کو دل کی گہرائیوں سے عید مبارک اور نیک تمناؤں وخواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جہاں رمضان کا مہینہ صبر، برداشت اور دوسروں کی ضروریات کے احساس کا درس دیتا ہے وہیں عید کی خوشیوں میں نادارو مساکین کو شریک کرنا بھی عبادت سے کم نہیں اسلئے عید کی خوشیوں میں ان لوگوں کو بھی شریک کیا جائے۔کارکنان کے نام اپنے پیغام میں چیئرمین آفاق احمد نے کہا کہ عید کی خوشیوں میں شہداء اور اسیروں کے اہل خانہ کو بھی لازمی شریک کیا جائے۔
تازہ ترین