• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیوایم پاکستان کے دونوں گروپوں میں اختلافات ختم

ایم کیوایم  پاکستان کے دونوں گروپوں میں اختلافات ختم

کراچی(اسٹاف رپورٹر) ایم کیو ایم پاکستان کے دونوں گروپوں کے درمیان جار ی اختلافات ختم ہوگئے ہیںاور سنیئر رہنما فاروق ستار نے ایم کیو ایم کی کنوینر شپ کے حوالے سے الیکشن کمیشن اور اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کو تسلیم کرتے ہوئے بہادر آباد کے ساتھ مل کر کام کرنے کا فیصلہ کیا ہے، اس سلسلے میں فاروق ستار کی قیام گاہ پر ان کی صدارت میں ان کے حامیوں کا اجلاس ہوا جس میں اگلے انتخابات کے حوالے سے طویل بحث ہوئی، وہاں موجود بیشتر ارکان کی رائے تھی کہ عدالتی فیصلے کے بعد ہمیں معاملات کو مزید خراب کرنے کے بجائے حقیقت کو تسلیم کرتے ہوئے بہادر آباد کے ساتھیوں کی پیش کش کو قبول کرنا چاہئے،ایم کیو ایم پاکستان نے اسلام آباد ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد سنیئر رہنما ڈاکٹر فاروق ستار کو رضا مند کرنے کے لئے دو رکنی ٹیم کو پی آئی بی بھیجا تھا جس میں سردار احمد اور کشور زہرا شامل تھے،جمعرات کو بھی کشور زہرا نے ڈاکٹر فاروق ستار سے ملاقات کی اور انہیںمل کر کام کرنے پر رضامند کرنے کی کوشش کی، جمعرات کی شب پی آئی بی کے اجلاس میں بھی کئی افراد نے عدالتی فیصلے کو قبول کرنے پر زور دیا، جس کے بعد جمعہ کو ڈاکٹر فاروق ستار نے اپنے ساتھیوں سے مزید بات چیت اور مشاورت کی ،اس بات کا قوی امکان ہے کہ عید کے بعد صورت حال میں مزید مثبت تبدیلی آ ئے گی اور دونوں گروپ یکجا ہوجائیں گے جس کے بعد ایم کیو ایم کی جانب سے ناراض ہوکر پی آئی بی جانے والے ارکان اور کارکنوں کو بھی الیکشن میں ٹکٹ دینے پر تبادلہ خیال کیا جائے گا۔

تازہ ترین