• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

محکمہ ریلویزکا مسافروں کی سہولت کیلئے خصوصی سمر ٹرینیں چلانے کااعلان

راولپنڈی (اے پی پی) پاکستان ریلویز نے موسم گرما کی تعطیلات میں مختلف آبائی علاقوں میں جانے والے مسافروں کی سہولت کے لئے خصوصی سمر ٹرینیں چلانے کا اعلان کر دیا۔ پہلی سمر ٹرین پیر 18 جون کو دن اڑھائی بجے راولپنڈی سے کراچی کے لئے روانہ ہو ئی۔ ڈویژنل کمرشل آفیسر ریلوے راولپنڈی رضا علی حبیب نے ”اے پی پی“ کو بتایاکہ پاکستان ریلویز نے خصوصی سمر ٹرین کے سفر کے لئے تمام ترا نتظامات مکمل کر لئے ہیں جبکہ عید الفطر کے لئے 5 خصوصی ٹرینیں چلانے کا بھی اعلان کیا گیا تھا۔ انہوں نے بتایاکہ پاکستان ریلویز نے گرمیوں کی تعطیلات کے حوالے سے کراچی اور راولپنڈی کے مابین خصوصی ”سمر ٹرینیں “ چلائے گا ۔رضا علی حبیب نے قومی خبر ایجنسی کو بتایاکہ یہ خصوصی ٹرینیں 18،22،26اور 30جون کو دن کے ڈھائی بجے راولپنڈی سے کراچی کے لئے روانہ ہوں گی جبکہ یہ خصوصی ٹرینیں کراچی سے راولپنڈی کے لئے بالترتیب 20،24اور 28جون کو رات 8بجے روانہ ہوں گی ۔یہ ٹرینیں حیدر آباد، روہڑی، خانپور، بہاولپور، خانیوال، ساہیوال، اوکاڑہ، رائے ونڈ، لاہور، گوجرانوالہ، وزیر آباد، گجرات، لالہ موسیٰ اور جہلم اسٹیشنز پر رکیں گی۔ انہوں نے مزید بتایاکہ سمر ٹرینوں میں اے سی بزنس ،اے سی سٹینڈرڈ اور اکانومی کلاس کی بوگیاں لگائی جائیں گی ۔ ایک سوال کے جواب میں رضا علی حبیب نے اے پی پی کو بتایاکہ سیکورٹی صورتحال کی جانچ پڑتالکے لیے راولپنڈی ریلوے اسٹیشن پر مسلح پولیس اہلکار تعینات کیے گئے ہیں جبکہ مشتبہ سرگرمیوں اور افراد پر کڑی نظر رکھنے کے لیے سادہ کپڑوں میں پولیس اہلکار بھی تعینات کئے گئے ہیں۔
تازہ ترین