کراچی(اسٹاف رپورٹر) عیدالفطر کے موقع پر کراچی کے متعدد علاقوں میں صفائی ستھرائی کے انتظامات ناقص رہے عید کی چھٹیوں میں شاہراہوں اور آبادیوں کی اندرونی سڑکوں اور گلیوں میں کچرا جمع رہا پیرکو بھی بعض علاقوں میں کچرے کے ڈھیر لگے ہوئے تھے سندھ سالڈویسٹ مینجمنٹ بورڈ کے زیر انتظام ڈی ایم ایم سی جنوبی، شرقی، ملیر اورکورنگی کے علاوہ بلدیہ وسطی ، غربی اور ڈسٹرکٹ کونسل کراچی میں صفائی ستھرائی پر مامور عملہ غائب رہا چارچھٹیوں کے باعث صورتحال زیادہ خراب ہوگئی، نارتھ کراچی، نیوکراچی، ماڈل کالونی،معین آباد، گرین ٹاؤن، رفاہ عام، کھوکھراپار، لانڈھی، کورنگی، سائٹ، اورنگی ٹاؤن، ہاکس بے روڈ سمیت متعدد علاقوں سے کچرا نہ اٹھنے کی شکایات ملیں خاص کر اندرونی سڑکوں پر چاند رات تک کھلی ہونے والی مارکیٹوں کا کچرا بھی سڑکوں پر جمع ہے کنٹونمنٹ بورڈز کی حدود میں بھی بعض علاقوں سے شکایات ملیں شہریوں نے سندھ سالڈ ویسٹ سمیت بلدیاتی اداروں سمیت دیگر اداروں کی عید پر ناقص کارکردگی پر شدیدتنقید کی اور کہاکہ عید کی چھٹیوں کے حوالے سے پہلے سے منصوبہ بندی کرنا چاہیئے تھی۔