• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سندھ پولیس غیرمنظم فورس قرار، سائنسی بنیادوں پرمنظم کرنے پر غور

کراچی( افضل ندیم ڈوگر) سندھ پولیس کے نئے آئی جی امجد جاوید سلیمی نے سندھ پولیس کو غیرمنظم فورس قرار دیتے ہوئے پولیس اور صوبے میں مجرمانہ سرگرمیوں کے معاملات سائنسی بنیادوں پر کنٹرول کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے، جس کیلئے انہوں نے اقدامات کا آغاز کردیا ہے اور مجرمانہ سرگرمیوں کے معاملات کنٹرول کرنے کا عزم کیا ہے۔ سندھ پولیس کی کمان سنبھالنے کے بعد سینٹرل پولیس ہیڈ آفس میں سندھ پولیس کے پہلے اجلاس میں بریفنگ لینے کے بعد خطاب کرتے ہوئے امجد جاوید سلیمی نے ادارے میں "بہت کچھ" کرنے کے اشارے دیئے، نئے آئی جی کی سربراہی میں سندھ پولیس کا یہ طویل ترین اجلاس تھا جس کے بعد انہوں نے پولیس کے مختلف شعبوں کے سربراہان سے اجلاسوں کا سلسلہ بھی شروع کردیا ہے، تاہم ان کے پہلے اجلاس کو خاصی اہمیت دی جارہی ہے۔اجلاس کے دوسرے مرحلے میں ایڈیشنل آئی جی کراچی مشتاق مہر نے پولیس چیف کو کراچی کے حوالے سے بریفنگ دی تھی۔ جس کے بعد نئے پولیس سربراہ کے سندھ پولیس کی کارکردگی کے بارے میں ریمارکس کو فورس کے اندرونی حلقوں میں خاصی اہمیت دی جارہی ہے،کراچی اور سندھ کے دیگر اضلاع میں دہشت گردی اور جرائم کے حوالے سے بریفنگ پر نئے سندھ پولیس چیف نے اسٹریٹ کرائم، ڈکیتی، رہزنی کی دیگر وارداتوں کے حوالے سے پولیس کی کوششوں کو ناکافی اور فورس کی ناکامی قرار دیا۔
تازہ ترین