• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سانحہ ماڈل ٹائون کے نامزد ملزمان کو گرفتار کیا جائے، علامہ اشفاق عالم

برمنگھم (آصف محمود براہٹلوی) سانحہ ماڈل ٹائون لاہور چار سال گزر گئے ملزمان قانون کی گرفت میں نہ آسکے۔ چیف جسٹس پاکستان ازخود نوٹس لیں۔ نامزد ملزمان کو گرفتار کرکے کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔ چار سال قبل اس سانحے میں14 شہادتیں ہوئی تھیں۔ نواز حکومت اپنا دور بھی مکمل کرچکی ہے۔ اب نگراں حکومت اور چیف جسٹس آف پاکستان سے اپیل کی جاتی ہے کہ وہ ملزمان کی گرفتاری کے لیے کردار ادا کریں۔ ان خیالات کا اظہار ادارہ منہاج القرآن برمنگھم کے زیراہتمام شہدا ماڈل ٹائون لاہور کی یاد میں منعقدہ دُعائیہ تقریب سے ڈائریکٹر منہاج القرآن علامہ اشفاق عالم قادری، جنرل سیکرٹری سخاوت حسین، ٹرسٹی حاجی محمد حنیف، اعجاز صدیقی، ممبر غلام سرور نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے نگراں حکومت اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کرتے ہوئے کیا۔ تقریب میں منہاج القرآن کے ممبران کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔ رہنمائوں نے پُرزور مطالبہ بھی کیا کہ چیف الیکشن کمشنر سانحہ ماڈل ٹائون کے نامزد ملزمان میں سے اگر کوئی الیکشن میں حصہ لیتا ہے تو اس کے کاغذات مسترد کیے جائیں تاکہ آئندہ کوئی طاقتور ملزم الیکشن جیت کر قوم کا نمائندہ نہ بن سکے۔ علامہ اشفاق عالم کا مزید کہنا تھا کہ ہم مایوس ہرگز نہیں ہیں۔ قائدِ تحریک ڈاکٹر علامہ طاہر القادری کی قیادت میں انصاف کے حصول تک جدوجہد جاری رکھیں گے۔ رہنمائوں کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان کی دیگر سیاسی جماعتوں کے رہنمائوں کو چاہیے کہ وہ سانحہ ماڈل ٹائون کے لواحقین کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے ہوئے ملزمان کی گرفتاری کیلئے ڈاکٹر طاہرالقادری کا ساتھ دیں۔ آخر میں شہدا کی معفرت کے لیے اجتماعی دُعائیں کی گئیں۔
تازہ ترین