• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فٹبال کے مساوی سر والی 7ماہ کی پاکستانی بچی زندگی بچانے والی سرجری کی منتظر

لندن (نیوز ڈیسک ) پاکستان میں ایک بچی جس کا سر فٹبال کے مساوی ہے اپنی حالت کی بہتری کیلئے زندگی بچانے والی سرجری کی منتظر ہے۔ میل کی رپورٹ کے مطابق ایبٹ آباد کی آمنہ نور پیدائش کے وقت سے ہی ’’استسقائے سر ‘‘ کے مرض میں مبتلا ہے، اس مرض میں پانی سر میں جمع ہو جاتا ہے جو کہ جان لیوا ہوجاتا ہے۔ اس کےسر کا قطر تقریباً 40انچ (101 سینٹی میٹر) ہے جس کی وجہ سے 7 ماہ کی آمنہ نور ہلنے جلنے سے قاصر ہے جبکہ وہ نہ تو کھا سکتی ہے اور نہ ہی اچھی طرح سو سکتی ہے۔اس کے سر سے پانی نکالنے کیلئے سرجری کے اخراجات پورے کئے جا چکے ہیں اور اس کے غریب ماں باپ کو توقع ہے کہ ان کی بچی بھی معمول کی زندگی گزار سکے گی۔اس کی 36 سالہ ماں نسا ملک نے اخبار سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہمیں بہت خوشی تھی کہ 10سال بعد ہمارے دوسرا بچہ پیدا ہوا انہوں نے بتایا کہ پیدائش کے وقت آمنہ نور بالکل نارمل تھی مگر اس کا سر تیزی سے بڑا ہونا شروع ہو گیا۔نسا اور اس کا شوہر 38 سالہ ملک امان بچی کو ایوب میڈیکل کالج لے گئے جہاں ڈاکٹروں نے اس کی تشخیص ’’ استسقائے سر ‘‘ کی حیثیت سے کی۔ اعدادوشمار کے مطابق ہر 1000 میں سے ایک بچہ اس مرض میں مبتلا ہوتا ہے ، جس کے نتیجے میں اگر پانی بڑھتا رہے تو دماغ کی نالیوں پراس کے دبائو سے موت واقع ہو جاتی ہے۔بچی کے والدین نے رشتہ داروں اور دوستوں کی مدد سے آپریشن کے اخراجات کیلئے درکار 1،900 پونڈز جمع کر لئے ہیں، توقع ہے کہ عید الفطر کے بعد انہیں آپریشن کیلئے تاریخ دے دی جائے گی۔
تازہ ترین