• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ورلڈ کپ، یورپ کی برتری برقرار، بلجیم اورسویڈن کامیاب

ورلڈ کپ، یورپ کی برتری برقرار، بلجیم اورسویڈن کامیاب

ماسکو (جنگ نیوز) فیفا ورلڈ کپ فٹبال2018 کے پانچویں روز بھی یورپی ٹیموں نے برتری قائم رکھی۔ سویڈن اور بیلجیئم نے بھی حریفوں کو مات دے کر فاتحانہ آغاز کردیا۔ پیر کو پہلے میچ میں گروپ ایف کی ٹیمیں سویڈن اور جنوبی کوریا کی ٹیمیں اوبلسٹ کے نزہنی نوگارڈ اسٹیڈیم میں آمنے سامنے ہوئیں، جس میں سویڈن کی ٹیم نے جنوبی کوریا کی ٹیم کو1-0 سے شکست دے کر کامیابی اپنے نام کر لی۔ دونوں ٹیموں نے کھیل کا آغاز انتہائی شاندار انداز میں کیا ۔ پہلے ہاف میں دونوں جانب کے کھلاڑیوں کی جانب سے کوششوں کے باوجود کوئی بھی ٹیم گول اسکور نہ کر سکی۔ دوسرے ہاف میں میچ کا واحد اور فیصلہ کن گول کھیل کے 65ویں منٹ میں اینڈرس گران نے اپنی ٹیم کو ملنے والی پینلٹی سے فائدہ اُٹھاتے ہوئے کیا۔ سویڈن کی ٹیم کی جانب سے اپنے خلاف برتری کے بعد کورین ٹیم دبائومیں آگئی اور اس طرح کا کھیل پیش نہ کر سکی جیسا اس نے نے پہلے ہاف میں پیش کیا تھا۔ دن کے دوسرے میچ میں گروپ جی کی ٹیمیں بیلجیئم اور پانامہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوئیں، جس میں بیلجیم کی ٹیم نے رومیلو لوکاکا کے دو شاندار گولز کی بدولت پانامہ کی ٹیم کو3-0کے اسکور سے با آسانی شکست دے کر کامیابی اپنے نام کرلی ۔ مضبوط یورپی ٹیم کے سامنے چھوٹے سے ملک پاناما کے کھلاڑیوں کی ایک نہ چل سکی۔ پہلے ہاف میں کوئی بھی ٹیم گول کرنے میں کامیاب نہیں ہو سکی تاہم دوسرے ہاف میں 47 ویں منٹ میں ڈرائز مارٹنز نے پاناما کے خلاف پہلا گول کیا اور اپنی ٹیم کو برتری دلا دی ۔ 69ویں منٹ میں رومیلو لوکاکا نے موقع ملتے ہی گیند کو جال کے پار پھینک دیا جس کے بعد بیلجیئم کی برتری مضبوط ہو گئی ہے ۔ بیلجیئم نے پورے میچ میں اپنا دفاع مضبوط رکھا اور مخالف ٹیم کو گول کرنے کا ایک بھی موقع نہ دیا تاہم 75 ویں منٹ میں رومیلو نے ایک اورگول داغ دیا اور ٹیم کو فتح یاب کروانے میں اہم ترین کردار ادا کیا ۔

تازہ ترین