• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

طالبان قیادت کا سیلفیاں بنوانے والے جنگجوئوں کے خلاف کارروائی کا فیصلہ

کابل(جنگ نیوز) طالبان قیادت نے افغان حکام اور سیکورٹی فورسز کے ساتھ سیلفیاں بنانے والے طالبان جنگجوئوں کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق طالبان قیادت نے جنگ بندی کے دوران عید کے موقع پر عوامی مقامات پر شہریوں کے ساتھ تصاویر بنانے والے اپنے ساتھیوں پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے سیلفیاں بنانے کے عمل کو سخت ناپسند اور ناقابل قبول قرار دیا۔میڈیا پر خبریں نشر ہونے اور سوشل میڈیا پر طالبان کی تصاویر وائرل ہونے پر طالبان قیادت کا ایک ہنگامی اجلاس رات گئے منعقد ہوا جس میں کمانڈرز کو سیلفیاں بنوانے والےجنگجوئوں کے خلاف انضباطی کارروائی کرنے اور ان سے سختی کے ساتھ نمٹنے کی ہدایت کی گئی۔اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ مذکورہ جنگجوئوں کو آئندہ ایسے کسی بھی فعل سے باز رکھنے کا انتباہ جاری کیا جائے گا اور انہیں بغیر اجازت ایسے کسی بھی فعل کو انجام دینے کی اجازت نہیں دی جائے گی۔واضح رہے کہ عیدالفطر کے موقع پر حکومت اور طالبان کے سیز فائر کے دوران درجنوں طالبان جنگجو کابل سمیت مختلف شہروں میں داخل ہوئے، انہوں نےشہریوں کے ہمراہ نہ صرف عید کی نماز ادا کی بلکہ ان کے ساتھ سیلفیاں بھی بنوائیں تھیں۔
تازہ ترین