• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ایم کیو ایم 48 گھنٹوں میں امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیگی

ایم کیو ایم 48 گھنٹوں میں امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دیگی

کراچی (اسٹاف رپورٹر)متحدہ قومی موومنٹ بہادر آباد سے تنازع ختم ہونے کے بعد ڈاکٹر فاروق ستار نے عید کے تینوں دن عارضی مرکز بہادر آباد میں گزارے اور رابطہ کمیٹی کے رہنماؤں کے ساتھ انتخابات کے حوالے سے مشاورت کی۔ ایم کیو ایم آئندہ 48 گھنٹوں میں مشاورت کے بعد امیدواروں کے ناموں کو حتمی شکل دح گی۔ دونوں جانب سے کامران ٹیسوری، سلمان مجاہد بلوچ اور بعض دیگر رہنمائوں کو ٹکٹ نہ ملنے کا امکان ہے، ڈاکٹر فاروق ستار کی الیکشن میں بھر پور حمایت کی جائے گی، عید کے بعد ہونے والے انتخابی جلسوں سے بھی وہ خطاب کریں گے، متحدہ قومی موومنٹ کے دونوں گروپ بہادر آباد اور پی آئی بی نے ایک مرتبہ پھر متحد ہوکر سیاست میں کردار ادا کرنے کا فیصلہ کیا ہے اور اعلان کیا ہے کہ ہمارا مقصد ایم کیو ایم کو ہر حال میں ایک رکھنا ہے۔ ہمیں صرف الیکشن میں نہیں اس کے بعد بھی ایک رہنا ہے۔یہ اعلان سینئر رہنماڈاکٹر فاروق ستار نے ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی کنوینر شپ کو تسلیم کرتے ہوئے اپنی سر براہی سے دستبردار ہونے کے فیصلے کے بعد عارضی مرکز بہادر آباد میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔قبل ازیں ڈاکٹر فاروق ستار نے اعلان کیا تھا کہ وہ اپنی پارٹی سربراہی کے دعوے سے دستبردار ہو کر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی کنوینر شپ کو تسلیم کرتے ہیں جس کے بعد وہ عارضی مرکز بہادر آباد پہنچے۔اس موقع پر خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ عید پر چار چاند لگ گئے ، عید کا مزا دوبالا ہو گیا۔ایم کیو ایم کسی ایک کی نہیں،سب کی ہے، ہم ایک ہیں،کسی فارمولے کی ضرورت نہیں،سازشیوں کا پتہ ہے۔انہوں نے کہا کہ چند ماہ میں ایم کیو ایم کی طاقت کا اندازہ ہوا ہے۔ بہت سارے سوالوں کا ہم نے ملکر جواب دیدیا، باقی سوالوں کےجواب عید کےبعد دیں گے ۔خلوص اور محنت کو دیکھتے ہوئے پارٹی ٹکٹ دیئے جائیں گے۔ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم کے دھڑوں کو یکجا کرنے کے لیے چاند رات کے انتخاب کا مقصد عید پر خوشخبری اور عیدی دینا تھا ۔

تازہ ترین