• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ووٹرز ڈیٹا لیک، تنازع شروع، معلومات غیرمتعلقہ افراد کے پاس کیسے پہنچ گئیں؟ الیکشن کمیشن، کارروائی کی جائے، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، الزامات من گھڑت ہیں، نادرا

ووٹرز ڈیٹا لیک، تنازع شروع، معلومات غیرمتعلقہ افراد کے پاس کیسے پہنچ گئیں؟ الیکشن کمیشن، کارروائی کی جائے، پیپلز پارٹی، تحریک انصاف، الزامات من گھڑت ہیں، نادرا

اسلام آباد(نیوز ایجنسیاں، مانیٹرنگ ) ووٹرز ڈیٹا مبینہ طور پرلیک ہونے پر تنازع شروع‘ الیکشن کمیشن نے نادرا سے وضاحت طلب کرلی، الیکشن کمیشن نے استفسار کیا ہے کہ ووٹرز معلومات الیکشن کمیشن پہنچنے سے پہلے ہی غیر متعلقہ افراد کے پاس کیسے پہنچ گئیں ‘نادرا حکام نےمعلومات غیرمتعلقہ لوگوں کو فراہم کرکے دو طرفہ معاہدے کی خلاف ورزی کی جو تشویش کا باعث ہے جبکہ تحریک انصاف اور پیپلزپارٹی نے بھی چیئرمین نادرا کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا ہے ‘ دوسری طرف نادرا کا کہنا ہے کہ کسی سیاسی جماعت کو معلومات نہیں دیں،الزامات من گھڑت ہیں۔ ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نےنیشنل ڈیٹا بیس اینڈ رجسٹریشن اتھارٹی (نادرا) کو خط لکھ کرکہا گیا ہے کہ ووٹرز کی معلومات افشا کرنے والوں کیخلاف کارروائی ہوگی تاہم الیکشن کمیشن نے بعض ٹی وی چینلز پر نشر ہونے والی اس خبر کے تاثر کو غلط قرار دیا ہے کہ تحریک انصاف کی درخواست پر الیکشن کمیشن نے نادرا سے ڈیٹا لیکس پر وضاحت طلب کی ہے۔ پیر کو جاری وضاحتی بیان میں کہاگیا ہے کہ نادرا کے حوالے سے تحریک انصاف کی کوئی بھی درخواست تاحال الیکشن کمیشن کو موصول نہیں ہوئی تاہم الیکشن کمیشن نے نادرا کو جو خط لکھا ہے وہ کسی اور حوالے سے ہے ، جس کے مطابق نادرا سے پوچھا گیا ہے کہ وہ وضاحت کرے کہ 25 اور 28مئی کے ایک اخبار میں انتخابی فہرستوں کے بارے میں اعدادوشمار الیکشن کمیشن کی اجازت کے بغیر کیوں شائع ہوئے۔ اس وضاحتی خط کا پاکستان تحریک انصاف کی درخواست سے کوئی تعلق نہیں۔الیکشن کمیشن کے مطابق ڈیٹا لیک معاملے پر نادرا سے 31 مئی تک وضاحت طلب کی گئی تھی اور اب تک ووٹر فہرستوں کی تفصیلات پر وضاحت نہیں دی گئی،ادھرچیئر مین نادرا کا کہنا ہے کہ ڈیٹاکسی سےشیئرنہیں کیا ۔نادرا نے اپنے خلاف تحریک انصاف کے الزامات کومستردکردیا ہے۔ پیر کونادرا ترجمان نے کہا کہ بدعنوانی کے الزامات جھوٹے اور بے بنیاد ہیں‘نادرا کا انتخابات کے انعقاد میں ایک محدود کردار ہے۔ادارہ قانون اور آئین کے تحت الیکشن کمیشن کو صرف تکنیکی معاونت فراہم کررہا ہے۔ نادرا نے کسی صورت بھی کسی سیاسی جماعت کو معلومات فراہم نہیں کیں۔دریں اثناءعمران خان نے چیئرمین نادرا عثمان مبین کو عہدے سے ہٹانے کا مطالبہ کیا ہے۔ذرائع کے مطابق پی ٹی آئی سربراہ نے چیئرمین نادرا عثمان مبین کے خلاف الیکشن کمیشن جانے کا فیصلہ کیا ۔ذرائع کے مطابق عمران خان نے عثمان مبین کو عہدے سے ہٹانے کیلئے پٹیشن بھی تیار کر لی ہے اور انہوں نے پارٹی رہنماؤں کو بھی چیئرمین نادرا کے خلاف آواز اٹھانے کی ہدایت کر دی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ عمران خان کی جانب سے چیئرمین نادرا کے خلاف الیکشن کمیشن میں دائر کرنے کے لیے تیار کی گئی پٹیشن میں مؤقف اختیار کیا گیا ہے کہ عثمان مبین کو ن لیگ نے تعینات کیا تھا اور انہوں نے ن لیگ کو الیکشن جیتنے میں مددکے لیے ڈیٹا فراہم کیا تھا۔

تازہ ترین