• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سنتے ہیں آپ الیکشن گڑ بڑ کررہے ہیں، ملک ایسے نہیں چلے گا، خورشیدشاہ

سنتے ہیں آپ الیکشن گڑ بڑ کررہے ہیں، ملک ایسے نہیں چلے گا، خورشیدشاہ

سکھر (بیورو رپورٹ/جنگ نیوز) پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ نے کہا ہے کہ فوج کی نگرانی میں الیکشن کرانے کا مطالبہ ہمیشہ سے رہا ہے،سنتے ہیں آپ الیکشن میں گڑ بڑ کررہے ہیں، ملک ایسے نہیں چلے گا، امید ہے کہ الیکشن صاف و شفاف ہونگے، ہم یہ چاہتے ہیں الیکشن صاف و شفاف ہوں ورنہ حالات اچھے نہیں ہونگے، آٹھ دس جماعتوں کا اکٹھے ہونا پیپلز پارٹی کی مقبولیت کا ثبوت ہے۔ یہ الیکشن پاکستان کے مستقبل کو مضبوط کرینگے، اگر کسی نے کوئی غلطی کردی، ایسی شرارت کردی جس سے الیکشن متنازع ہوجائیں تو یہ بہت خطرناک بات ہوگی، دیکھنے اور سننے میں یہ آرہا ہے کہ الیکشن کے حوالے سے کوئی گڑ بڑ کی جائیگی۔ یہ حقیقت ہے کہ پاکستان ایسے نہیں چلے گا، جب تک ملک میں عوام کی سوچ کے مطابق حکمرانی نہیں ہوگی، ووٹ کی حقیقت کو تسلیم نہیں کیا جائیگا تب تک پاکستان مضبوط نہیں ہوگا، اگر اس کے اندر ایکڑ، ویکڑ، گڑ بڑ کی تو خدا کی قسم یہ بہت خطرناک بات ہوگی، مجھے پتہ ہے، محسوس ہورہا ہے کہ آپ گڑ بڑ کررہے ہیں، لیکن وقت اور حالات کا تقاضا ہے کہ ہم اپنا ہر قدم سوچ سمجھ کر اٹھائیں، سوچ سمجھ کر فیصلہ کیا جائے تو وہ فیصلہ اچھا ثابت ہوتا ہے۔وہ عید گاہ سکھر میں نماز عید کی ادائیگی اور مفتی محمد ابراہیم قادری کی عید ملن پارٹی سے خطاب اور میڈیا سے بات چیت کر رہے تھے۔ سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ میں نواز شریف کو کہتا تھا کہ خیال کرو، تمہاری آستین میں سانپ ہے، میں آج بھی یہی بات کہہ رہا ہوں۔سیاستدانوں نے اللہ اور اس کے رسول کے نام پر یہ ملک بنایا، کسی ڈکٹیٹر نے ملک نہیں بنایا۔ پاکستان عالم اسلام کا سب سے بڑا قلعہ ہے، ذوالفقار علی بھٹو نے اسے ایٹمی طاقت بنایا ، مگر یہ ملک ہماری غلط پالیسیوں اور ڈکٹیٹر شپ کی وجہ سے کمزور ہوگیا۔ گالم گلوچ سے سیاست نہیں ہوتی، کسی کو برا کہنا سیاست کا نام نہیں، پہلے خود کو اچھا ثابت کرنا پڑتا ہے، آج کے سیاستدان گالم گلوچ کررہے ہیں، ان کے قول و فعل میں تضاد ہے، ہمارے سیاستدان کہتے کچھ اور کرتے کچھ ہیں، سادگی اپنانے کا درس تو دیتے ہیں لیکن جب اللہ کے گھر جاتے ہیں تو کروڑوں کا جہاز کرکے جاتے ہیں۔

تازہ ترین