• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آرمی چیف نے عید کنٹرول لائن پر جوانوں کے ساتھ منائی،شہدا ٔکو خراج تحسین

راولپنڈی (این این آئی)پاک فوج کے سربراہ جنر قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر فوجی جوانوں کے ساتھ عید منائی۔پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری بیان کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے لائن آف کنٹرول پر جوانوں کے ہمراہ نماز عید ادا کی اور پاکستان کی خوشحالی اور امن کیلئے دعا کی۔اس موقع پر آرمی چیف نے مادر وطن کی حفاظت کے لیے جوانوں کے بلند حوصلوں، عزم اور وفاداری کو سراہا۔آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف نے جوانوں سے خطاب میں کہا کہ ایک سپاہی کی حیثیت سے ہمیں اس بات پر فخر ہونا چاہیے کہ ہم اپنے وطن اور ہم وطنوں کی حفاظت کی خاطر اپنا فرض ادا کرنے گھروں سے دور رہتے ہیں اور اس طرح کے تہوار بھی اپنے پیاروں سے دور مناتے ہیں۔آرمی چیف نے اس موقع پر خاص طور پر مادر وطن کے دفاع میں جام شہادت نوش کرنے والے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا۔اس موقع پر کور کمانڈر راولپنڈی بھی آرمی چیف کے ہمراہ تھے۔
تازہ ترین