فیصل آباد(نمائندہ جنگ)سابق صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ نےکہا ہے کہ تحریک انصاف عملی طورپر ختم ہو چکی ہے کیونکہ جو لوٹے ایک ماہ پہلے شامل ہوئے انہیں ہی ٹکٹ مل رہے ہیں اور وہی پارٹی ہیں اصل پی ٹی آئی والے گھروں میں بیٹھ چکے ہیں۔تحریک انصاف کے حقیقی کارکن جلد مسلم لیگ (ن) میں ہونگے۔ریحام خان کی کتاب بارے تبصرے چور کی داڑھی میں تنکا کے مترادف ہے۔ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ این اے106 سمیت پورے پاکستان سے مسلم لیگ ن2013 سے زائد ووٹ حاصل کرے گی اور 106 حلقہ میں لیڈ بھی گزشتہ انتخابات سے زائد ہو گی۔ تحریک انصاف مکمل طورپر فارغ ہو چکی ہے اور جولوٹے ایک آدھ ماہ پہلے تحریک انصاف میں گئے اب صرف وہی باقی رہ گئے ہیں باقی پی ٹی آئی کے اصل کارکن گھروں میں بیٹھ چکے ہیں اور وہ جلد مسلم لیگ (ن) میں شامل ہو جائینگے۔ حلقہ این اے110 میں پارٹی کی جانب سے جس کو ٹکٹ دیا جائے گا وہی الیکشن میں حصہ لے گا جب تک پارٹی وابستگی کا ٹکٹ جاری نہیں کرتی ہر امیدوار کا حق ہے وہ اپنے حوالے سے کوشش کرے لیکن جب قیادت کی جانب سے ٹکٹ الاٹ کردیا جائے تو پھر سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرتے ہوئے ٹکٹ ہولڈرز کی حمایت اور مسلم لیگ ن کی کامیابی کے لئے کوششیں کی جانی چاہئیں۔