• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پسند کی شادی کا شاخسانہ،مسلح ملزمان کی فائرنگ، 3افراد قتل

سکھر (بیورو رپورٹ) پسند کی شادی کا شاخسانہ، مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر فائرنگ کرکے دادا اور 2 چاچا سمیت 3افراد کو قتل کردیا اور فرار ہوگئے، مقتولین کے گھر میں کہرام، عید کی خوشیاں ماتم میں تبدیل ہو گئیں۔ پولیس کے مطابق روہڑی کے قریب جھانگڑو تھانہ کی حدود گاؤں بصر میتلو میں مسلح ملزمان نے ایک گھر میں گھس کر فائرنگ کی، جس کے نتیجے میں ایک سال قبل پسند کی شادی کرنے والے ایاز میتلو کے دادا، 2چاچا سمیت 3افراد قتل ہوگئےجبکہ 3خواتین زخمی ہوگئیں، ملزمان فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے، اطلاع پر پولیس نے پہنچ کر لاشوں اور زخمیوں کو قریبی اسپتال منتقل کیا، جہاں سے ضروری کارروائی کے بعدلاشیں ورثاء کے حوالے کردی گئیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں امداد، وسیم اور نواز میتلو جبکہ زخمیوں میں مقتول امداد کی بیوی مسمات گلزار اور دو بیٹیاں مسمات منور اور مسمات نبیلا شامل ہیں۔ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایاز میتلو نامی شخص نے گزشتہ سال قمبر شہداد کوٹ کی رہائشی لڑکی سے پسند کی شادی کی تھی حملہ کرنے والوں کا تعلق مبینہ طور پر پسند کی شادی کرنیوالی لڑکی کے رشتے داروں سے بتایا جارہا ہے۔ مقتولین کے ورثاء نے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے لاشیں قومی شاہراہ پر روہڑی ٹول پلازہ کے مقام پر رکھ کر دھرنا دیا اور نعرے بازی کی۔ دھرنے کے باعث سندھ و پنجاب کے درمیان ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوگئی اور شاہراہ کے دونوں اطراف گاڑیوں کی لمبی قطاریں لگ گئیں جس کے باعث مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ اطلاع ملنے پر پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما و سابق قائد حزب اختلاف سید خورشید احمد شاہ مظاہرین کے پاس پہنچے اور انہوں نے یقین دہانی کرائی کہ واقعے میں ملوث ملزمان کو جلدگرفتار کرایا جائے گا جس کے بعد مظاہرین منتشر ہوگئے۔پولیس نے واقعہ کا مقدمہ درج کرکے ملزمان کی گرفتاری کے لئے کوششیں تیز کردی ہیں، ملزمان کی گرفتاری کے لئے مختلف علاقوں میں چھاپے بھی مارے جارہے ہیں۔
تازہ ترین