• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

چین کی پاکستان بھارت کیساتھ سہ ملکی سمٹ کی تجویز ، نئی دہلی کا انکار

لاہور (خالد محمود خالد) چین نے شنگھائی تعاون تنظیم کی طرز پر پاکستان، بھارت اور چین پر مشتمل سہ ملکی سمٹ کروانے کی تجویز دے دی ہے تاہم بھارت نے انکار کردیا ہے ۔ بھارت میں چینی سفیر لو ژاو ہوئی نے نئی دہلی میں چینی سفارتخانے کی ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سیکیورٹی کے حوالے سے تعاون کرنا شنگھائی تعاون تنظیم کے تین ستونوں پاکستان، بھارت اور چین کے درمیان مشترکہ معاملہ ہے۔انہوں نے کہا کہ بعض بھارتی دوستوں نے شنگھائی تعاون تنظیم کے تحت تینوں ملکوں کومشترکہ طور پر ایک دوسرے سے تعاون کرنے کے حوالے سے مشورے دیئے ہیںجن پر عمل کرنے سے مثبت نتائج سامنے آسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گلوبل چیلنجز کا سامنا کرنے کے لئے تینوں ممالک کی کانفرنس بلانا بے حد ضروری ہے۔دریں اثنا بھارت نے چینی سفیر کی طرف سے سہ ملکی کانفرنس کی تجویز کو مسترد کر دیا ہے اور کہا ہے کہ پاکستان اور بھارت ایک دوسرے کے ساتھ معاملات حل کر سکتے ہیں جس میں کسی تیسرے فریق کے عمل دخل کی کوئی ضرورت نہیں۔بھارتی دفتر خارجہ کے ترجمان رویش کمار نے ایک بیان میں کہا ہے کہ چینی سفیر کی تجاویز ان کی ذاتی سوچ ہو سکتی ہے تاہم چین کی طرف سے سہ ملکی کانفرنس کی کوئی تجویز سرکاری طور پر بھارت کو موصول نہیں ہوئی ۔ انہوں نے کہا کہ ایسی تجاویز نا قابل عمل ہیں ان کا حقیقت سے کوئی تعلق نہیں۔
تازہ ترین