فیفا ورلڈ کپ فٹ بال کے سلسلے میں کھیلے گئے گروپ اے کے میچ میں روس نے مصر کو 1-3 سے ہرادیا۔
سینٹ پیٹرزبرگ میں کھیلے گئے میچ میں اسٹار فٹ بالر مصر کے محمد صلاح میدان میں اُترے لیکن پہلے ہاف میں کوئی تاثر نہیں چھوڑ سکے، روس اور مصر کے درمیان پہلا ہاف بغیر کسی گول کے برابر رہا۔
دوسرے ہاف میں روس کی ٹیم نے مصر پر دباؤ بڑھایا جس کے نتیجے میں پے درپے 3گول اسکور کرڈالے۔
مصر کے کھلاڑی احمد فاتح نے 47 ویں منٹ میں اون گول کرکے مخالف ٹیم کو ایک گول کی برتری دلادی۔ جبکہ روس کے ڈینس چیری شیو نے 59 اور پھر ارٹم زیوبا نے 62 ویں منٹ میں برتری کو مستحکم کردیا۔
مصر کی جانب سے ٹیم کا واحد گول محمد صلاح نے پنالٹی کک پر اسکور کیا۔
واضح رہے کہ 1966ء کے بعد یہ پہلا موقع ہے کہ ورلڈ کپ میں روس کی ٹیم نے اپنے دو ابتدائی میچ جیتے ہیں۔