• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مزدور معاشرے کا سب سے طاقتور اور دانشور طبقہ ہے،حبیب الدین جنیدی

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پیپلز لیبر بیورو سندھ آرگنائزنگ کمیٹی کے کنوینر حبیب الدین جنیدی نے کہا ہے کہ مزدور معاشرے کا سب سے طاقتور اور دانشور ترین طبقہ ہے، جو 25جولائی کو پورے ملک میں پاکستان پیپلز پارٹی کے حق میں ووٹ کاسٹ کرکے ایک مرتبہ پھر اپنے طبقاتی شعور کا بھر پور مظاہرہ کرے گا، وہ ٹریڈ یونین کارکنوں کے ایک گروپ سے اپنے دفتر میں ملاقات کررہے تھے،انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی اس ملک کی پہلی اور واحد سیاسی پارٹی ہے جس کے بانی چیئرمین شہید ذوالفقار علی بھٹو نے مزدور اور ملازمت پیشہ طبقے میں انقلابی سوچ اور فکر بیدار کرکے ان میں سرمایہ دارانہ استحصالی نظام کے خلاف سیاسی جدوجہد کرنے اور ظلم کے خلاف ڈٹ جانے کا حوصلہ پیدا کیا،پیپلز پارٹی جب بھی برسرِ اقتدار آئی اُس نے مختلف اداروں سے ہزاروں کی تعداد میں برطرف کئے گئے ملازمین کو بحال کیا، جبکہ اس کے برعکس دیگر سیاسی جماعتوں باالخصوص ’’ن لیگ‘‘کے ادوارِ حکومت میں مزدوروں کا بدترین استحصال کیا گیا،انہوں نے یقین ظاہر کیا کہ پیپلز پارٹی اپنے نوجوان قائد بلاول بھٹو کی قیادت میں ملک سے استحصالی نظام کے خاتمے اور محنت کش طبقے کے حقوق کے تحفظ کے لئے مزید بڑے اور انقلابی اقدامات کرے گی۔
تازہ ترین