• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کاروباری برادری کے5نمائندوں کی بطور وزیرتعیناتی خوش آئندہے،غضنفربلور

کراچی ( اسٹاف رپورٹر)فیڈریشن آف پا کستا ن چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈ سٹر ی کے صدرغضنفر بلورنے کہا ہے کہ کاروباری برادری کے 5 نمائندوں کو موجودہ حکومت میں وزارت کے عہدے پر فائز کرنا خوش آئند ہے۔حکومت کے اس فیصلے سے کاروباری برادری کے اعتماد میں اضافہ ہو گا جبکہ حکومت اور بزنس کمیونٹی کے مابین فاصلے کم ہونگے جو معیشت کیلئے بہتر ہے۔ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور، نائب صدور مظہر علی ناصر، عاطف اکرام، کریم عزیز ملک، چوہدری جاوید اقبال،اور دیگر نےایک مشترکہ بیان میں کہا کہ سردار تنویر الیاس، فیصل مشتاق، فضل الہیٰ، نوید جان بلوچ اور میاں انجم نثار کی بطور وزیر تعیناتی خوش آئند ہے اور امید ظاہر کی کہ وہ عوام کی خدمت میں کوئی کسر اٹھا نہیں رکھیں گے۔ انھوں نے کہا کہ بزنس مینوں کی اکثریت بطور سیاستدان کامیاب رہتی ہے کیونکہ انکا ایجنڈا ملک و قوم کی ترقی ہوتی ہے۔وہ لینا نہیں بلکہ دینا چاہتے ہیں اور عوام کے وسائل لوٹنا نہیں چاہتے۔ایسے لوگ ملکی نظام میں توانائی کا سبب بنتے ہیں کیونکہ انھیں نتائج حاصل کرنے کی عادت اور تربیت ہوتی ہے۔ایف پی سی سی آئی کے صدر غضنفر بلور نے کہا کہ تجارت سے سیاست میں قدم رکھنے والے انسانی وسائل کو کام میں لانے کا ہنر جانتے ہیں جبکہ انھیں معیشت اور کاروباری حالات بہتر بنانے اور انسانی وسائل کو کام میں لانے کا تجربہ ہوتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان میں اقتصادی قوت بننے کے تمام لوازمات موجود ہیں مگر ایسی لیڈر شپ کی ضرورت ہے جو معیشت کی سمت درست کر کے پاکستان کو اسکے پوٹینشل کے مطابق ترقی دے سکے۔
تازہ ترین