• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

نگران وزیراعظم سے اماراتی سفیر کی ملاقات، پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی

اسلام آباد (اے پی پی) نگران وزیراعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے پاکستان اور متحدہ عرب امارات کے درمیان تجارتی حجم میں اضافہ پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اماراتی کمپنیوں کو پاکستان میں سرمایہ کاری کی دعوت دی ہے۔ انہوں نے یہ بات یو اے ای کے سفیر عبید ابراہیم سالم الزابی سے گفتگو کرتے ہوئے کہی جنہوں نے منگل کو ان سے وزیراعظم آفس میں خیرسگالی ملاقات کی۔ سفیر نے جسٹس (ر) ناصر الملک کو وزارت عظمیٰ کا منصب سنبھالنے پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ پاکستان کے جمہوری تبدیلی کے سفر میں ایک اہم سنگ میل ہے۔ انہوں نے کہا کہ یو اے ای پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو بہت قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے اور موجودہ دوطرفہ تعلقات کو مزید تقویت دینے کا خواہاں ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ پاکستان اپنی بھرپور صلاحیت کے اظہار کیلئے ایکسپو 2020ءکے پلیٹ فارم کو بروئے کار لائے گا۔ وزیراعظم نے اقتصادی ترقی، سماجی بہبود اور انسانی ہمدردی معاونت میں پاکستان کی مسلسل حمایت پر یو اے ای کی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے عوام مرحوم شیخ زید کی خدمات کا اعتراف کرتے ہیں اور انہیں نہایت احترام کی نگاہ سے دیکھتے ہیں، انہیں پاکستان کے ایک عظیم دوست اور معاون کے طور پر ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ وزیراعظم نے سفیر کو یقین دلایا کہ پاکستان ایکسپو 2020ءمیں نہایت سرگرمی سے حصہ لے گا اور اس کی کامیابی کیلئے نیک خواہشات پہنچائیں۔ وزیراعظم نے اس بات پر زور دیا کہ نگران حکومت پاکستان میں جمہوریت کے مزید فروغ کیلئے آزادانہ، منصفانہ اور بروقت انتخابات کو یقینی بنانے کیلئے پرعزم ہے۔ انہوں نے یو اے ای کی قیادت کیلئے نیک تمنائیں بھی پہنچائیں۔
تازہ ترین