• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کسی سیاستدان کا پی ایچ ڈی نہ ہوتے ہوئے ڈاکٹر لکھنا غلط ہے، ظفر اللہ خان

کسی سیاستدان کا پی ایچ ڈی نہ ہوتے ہوئے ڈاکٹر لکھنا غلط ہے، ظفر اللہ خان

کراچی (ٹی وی رپورٹ) ظفر اللہ خان نے کہا کہ سیاسی قیادت ذاتی تنقید کم اور سیاسی موقف اور پارٹی منشور کی بات زیادہ کرے، انتخابی سیاست میں اتنا خرچہ ہوتا ہے کہ غریب آدمی الیکشن لڑ نہیں سکتا ہے، اگر کوئی سیاستدان پی ایچ ڈی نہ ہوتے ہوئے اپنے پوسٹر پر خود کو ڈاکٹر لکھے تو یہ غلط ہے، عامر لیاقت کے پاس پی ایچ ڈی کی آن لائن ڈگری ہے جو پندرہ دن میں ملی تھی،کوئی بیان حلفی میں غلط بیانی کرتا ہے تو یہ جعلسازی اور توہین عدالت کے زمرے میں آئے گا۔ وہ جیوکے پروگرام ”کیپٹل ٹاک“ میں میزبان حامد میر سے گفتگو کررہے تھے۔ پروگرام میں تحریک انصاف کے رہنما شفقت محمود اور پیپلز پارٹی کے رہنما ایوب کھوسو بھی شریک تھے۔شفقت محمود نے کہا کہ پچاسی فیصد نشستوں پر ٹکٹوں کے فیصلے کرلیے کل تقریباً تمام نشستوں پر ٹکٹوں کا اعلان ہوجائے گا،کسی نے ماضی میں کاغذات نامزدگی میں پی ایچ ڈی کی ڈگری ظاہر کی ہے تو وہ اسے واپس نہیں لے سکتا پھر یقیناً صادق اور امین کا مسئلہ بنتا ہے۔ایوب کھوسو نے کہا ہے کہ پیپلز پارٹی پنجاب میں سرپرائز دے گی، بھرپور انداز سے الیکشن لڑ کر کراچی کو بھٹو کا شہر بنائیں گے، انتخابی امیدواروں کے اثاثوں کی تفصیلات عوام کیلئے جاری کی جانی چاہئیں، امیدوار کی ذاتی زندگی سے متعلق بھی لوگوں کو علم ہونا چاہئے۔ ظفر اللہ خان نےکہا کہ مشتاق یوسفی کے انتقال پر غم اور صدمہ ہے، ماہرین کہتے ہیں ہم مزاح کے عہد یوسفی میں رہ رہے ہیں، مشتاق یوسفی دھیمے لہجے کے مزاح میں اپنی مثال آپ تھے،برصغیر پاک و ہند کی اردو ہندی روایت میں مشتاق یوسفی کے پائے کا کوئی آدمی نہیں ہے، کلثوم نواز صاحبہ کی صحت کیلئے بھی دعا گو ہوں۔ ظفر اللہ خان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کے پارلیمانی بورڈ نے انتخابات کیلئے امیدواروں کے انٹرویو کرلیے ہیں، پاکستان میں عام طور پر اثاثے صحیح طور پر ظاہر نہیں کیے جا تے ہیں، انتخابی سیاست میں اتنا خرچہ ہوتا ہے کہ غریب آدمی الیکشن لڑ نہیں سکتا ہے، سندھ میں ایک سیاستدان کی پندرہ بیس ملیں ہیں جو ظاہر نہیں کی جاتی ہیں، عامر لیاقت کے پاس پی ایچ ڈی کی آن لائن ڈگری ہے جو پندرہ دن میں ملی تھی، اگر کوئی سیاستدان پی ایچ ڈی نہ ہوتے ہوئے اپنے پوسٹر پر خود کو ڈاکٹر لکھے تو یہ غلط ہے۔

تازہ ترین