• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

فلمسازی کے معیار اور رحجان میں بہتری آرہی ہے،غلام محی الدین

کراچی( اسٹاف رپورٹر ) معروف اداکارغلام محی الدین نے کہا ہے کہ یہ امر باعث مسرت اور اطمینان بخش ہے کہ ملک میں فلمسازی کے معیار اور رحجان میں بہتری آرہی ہے ۔ اپنی اچھی اور معیاری فلموں کی مسلسل حوصلہ افزائی کے ذریعہ اس رحجان کو مستحکم کیا جائے۔ ہماری ذمہ داری ہے کہ فلم بینوں کو معیاری اور اچھے معاشرتی موضوعات پر مبنی فلمیں دیں ۔ ہمارا آج کا فلم بین ماضی کے مقابلے میں بہت باشعور ہے۔ وہ فنی اور تکنیکی آگہی بھی رکھتا ہے اور اسی بنیاد پر فلموں کو سراہتا ہے۔ یہ بات انہوں خصوصی ٹیلی فونک گفتگو میں کہی۔ اداکار غلام محی الدین نے مزید کہا کہ عید ریلیز میں معیاری اور اچھی فلموں کو اچھا رسپانس ملا ہے۔ انہوں نے مزیدکہا کہ ہمارے فلمساز و ہدایتکار محنت اور لگن سے کام کررہے ہیں۔ ہر چند کے فلمی صنعت کے حالات میں کوئی بڑی تبدیلی اور سہولتوں میں غیر معمولی بہتری نظر نہیں آتی۔ لیکن جس عزم و حوصلہ سے کام کیا جارہا ہے وہ حوصلہ افزاہے ۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ کوئی بھی غیر ملکی فلم موضوع اور پروڈکشن کے لحاظ سے ہماری فلم کا مقابلہ نہیں کر سکتی ۔ انہوں نے بتایا کہ فلموں کے ساتھ ساتھ آجکل وہ ٹی وی ڈرامہ پروڈکشنز میں بھی مصروف ہیں ۔ لیکن فلم انڈسڑی کے عروج کا دور آج بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا۔
تازہ ترین