• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ڈربن قلندرز کےپاکستانی مالکان کرکٹ جنوبی افریقا پر کیس کرینگے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) ڈربن قلندرز کے پاکستانی فرنچائز مالکان نے کرکٹ جنوبی افریقا کے خلاف معاہدے کی خلاف ورزی کرنے پر قانونی چارہ جوئی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ڈربن قلندرزکے مالکان کا کہنا ہے کہ ہمارے بغیر جنوبی افریقا میں کسی لیگ کا انعقاد معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔ لاہور قلندر کے مالکان نے گذشتہ سال گلوبل لیگ میں ڈربن قلندر کے نام سے ٹیم خریدی تھی۔ جنوبی افریقا کرکٹ بورڈ نے گذشتہ سال پہلے یہ ٹی 20 لیگ ملتوی کردی اور پھر اس لیگ کو ختمکرکے نئے نام سے لیگ کرانے کا اعلان کیا ہے۔ نئی لیگ میں تمام آٹھ پرانے مالکان کو شامل نہیں کیا گیا ہے۔ لاہور قلندر کے سی ای او رانا عاطف نے جمعرات کو جنگ کو بتایا کہ ہم نے اپنے قانونی مشیر کے ذریعے کرکٹ جنوبی افریقا کو لیگل نوٹس بھیجا ہے کہ ہمارے بغیر جنوبی افریقا میں کوئی ٹی 20 لیگ نہیں ہوسکتی۔ ہم آپ کے ملک میں کرکٹ کا فروغ چاہتے تھے۔ ہم نے سیکیورٹی ڈپازٹ کے طور پر ڈھائی لاکھ ڈالرز جمع کرائے تھے ہمیں ساڑھے تین فیصد انٹریسٹ کے ساتھ مزید ایک لاکھ 80 ہزار ڈالرز واپس کئے گئے ہیں ۔ کیوں کہ ہم نے ٹیم خریدنے کے دوران خرچے بھی کئے تھے۔ہمارے علاوہ تمام فرنچائز نے رقم واپس لے لی ہے۔ لیکن ہم نے قانونی جنگ لڑنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ہم چاہتے ہیں کہ ہماری ٹیم کو نئی لیگ میں شامل کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم پاکستان میں پلیئرز ڈیولپمنٹ پروگرام کرارہے ہیں ۔ ہر جگہ ہمارا مشن کرکٹ کی ترقی ہے لیکن خلاف قانون لیگ معاہدے کی خلاف ورزی ہے۔
تازہ ترین