• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اشتہاری ایجنسیوں کو رقوم کی ادائیگیوں سے روکا جارہا ہے،پی ایف یو جے

اسلام آباد(پ ر)پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹس (پی ایف یو جے)نے اخبارات اور الیکٹرانک میڈیا کو آزادانہ رائے کے اظہار سے روکے جانے کی کوششوں پر تشویش کا اظہار کیا ہے ۔ڈان اخبارکی کاپیاں تقسیم کرنے سے روکنے اور کچھ چینلز کی نشریات روکے جانے پر تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے پی ایف یو جے کے صدر افضل بٹ اور سیکرٹری جنرل ایوب جان سرہندی نے اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ اخبار کی تقسیم کو ملک بھر میں خصوصاً چھائونی کے علاقوں میں روکا جارہا ہے ۔جب ہاکرز اخبار تقسیم کرنے جاتے ہیں تو انہیں ڈرایا دھمکایا جاتا ہے اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جاتا ہے۔پی ایف یو جے کے رہنمائوں نے کہا کہ اس قسم کے ہتھکنڈے آئین کے آرٹیکل 19اےکی صریحاً خلاف ورزی ہے ۔آئین میں پریس کی آزادی کی ضمانت دی گئی ہے۔انہوں نے کہا کہ اخبار کی تقسیم کو روکنا آئین کے آرٹیکل 19اے میں شہریوں کوعوامی دلچسپی کی تمام معلومات تک رسائی کے حق سمیت بنیادی حقوق کی نفی ہے۔پی ایف یو جے کے رہنمائوں نے اپنے بیان میں کہا کہ یہ بھی رپورٹس ہیں کہ اشتہاری ایجنسیوں کو واجب الادارقم کی ادائیگی سے باقاعدہ فون کرکے روکا جارہا ہے تاکہ اخبار کیلئے مشکلات پیدا ہوں۔پی ایف یو جے نے نگراں وزیر اعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ اس معاملے کا نوٹس لیں اور متعلقہ اتھارٹیز کو ہدایا ت جاری کریں کہ وہ اس طرح کے اقدامات کو روکیں اور میڈیا ہائوسز پر دبائو ڈالنے سے باز رہیں۔بیان میں کہا گیا کہ ہم پاکستان میں پریس کی آزادی سلب کرنے جیسےغیر قانونی اور غیر آئینی اقدامات پر تحمل کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔ اس طرح کے ہتھکنڈوں کو نہ روکا گیا تو پی ایف یو جے سڑکوں پر نکلنے پر مبجور ہوجائیگی۔ 
تازہ ترین