• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

سابق سفیر جمشید مارکر طویل علالت کے بعد96برس کی عمر میں انتقال کرگئے

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پاکستان کے سابق سفیر جمشید مارکر طویل علالت کے بعد 96 برس کی عمر میں کراچی میں انتقال کرگئے۔جمشید مارکر کو دنیا میں طویل ترین مدت تک سب سے زیادہ ممالک میں سفیر رہنے کا اعزاز حاصل تھا۔ جمشید مارکر کا انتقال جمعرات کی صبح ہوا۔آخری رسومات پارسی عبادت گاہ محمود آباد میں ادا کی گئیں۔مرحوم نے سوگواران میں ایک بیٹی اور اہلیہ کو چھوڑا ہے۔جمشید مارکرنے 1964 میں افریقی ملک گھانا میں بطور سفیر اپنے کیریئر کا آغاز کیا تھا،وہ 1986 تا 1988 تک امریکا میں بھی پاکستان کے سفیر رہے جبکہ 1994 تک وہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب بھی رہے۔جمشید مارکر 24 نومبر 1922 کوپیداہو ئے۔ ابتدائی تعلیم بھارتی ریاست اترکھنڈ کے علاقے دھیرا دون میں حاصل کی ۔ بعدمیں لاہورکی فورمین کرسچیئن کالج میں زیرِ تعلیم رہے۔آنجہانی کو کرکٹ سے بھی خصوصی لگا ؤتھا اور سفارت کاری کے شعبے میں آنے سے قبل وہ کرکٹ کمنٹیٹر بھی رہے،انہیں فرانسیسی، جرمن اور روسی زبانوں پر بھی عبور حاصل تھا،جمشید مارکر نے بین الاقوامی تعلقات اور سفارت کاری پر مختلف اداروں میں متعدد لیکچرز دیئے جبکہ ان موضوعات پر انہوں نے کئی کتابیں بھی لکھیں۔ جمشید مارکر کو یہ منفرد اعزاز حاصل تھا کہ وہ دنیا میں سب سے زیادہ 19 ممالک میں سفیر اور ہائی کمشنر کی ذمہ داری نبھانے والے سفارت کار رہے جس پر ان کا نام گنیز بک آف ورلڈ ریکارڈ میں بھی درج کیا گیا جمشید مارکر پاکستان کے واحد سفارتکار تھے جنہوں نے سفیر کے طور پر مسلسل 30 سال خدمات سر انجام دیں۔
تازہ ترین