• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی کا مینڈیٹ چرانے مداری اور کھلاڑی میدان میں ہیں، آفاق احمد

کراچی (اسٹاف ر پو ر ٹر)مہاجر قومی موومنٹ کے چیئرمین آفاق احمدنے کہا کہ کراچی کی بدحالی دو چار دن کا قصہ نہیں ، اس میں جہاں ان لوگوں کا کردار ہے جو تیس سال عوام کو بیوقوف بناتے رہے وہیں وہ لوگ بھی بری الذمہ نہیں ہوسکتے جو چھتریاں بدل کر مسیحائی کے دعوے کررہے ہیں ۔ مہاجر قومی موومنٹ واحد جماعت ہے جس نے حالات کاجبر سہا لیکن اپنے موقف سے پیچھے نہیں ہٹے ۔ اپنی رہائش گاہ پر کورنگی سے آنے والے بزرگوں سے گفتگو کرتے ہوئے آفاق احمد نے کہا کہ کراچی کا مینڈیٹ چرانے کیلئے مداری اور کھلاڑی میدان میں ہیں جنہیں شکست دینے کیلئے قوم کو ایک بار پھر 80ء کی دہائی کی طرح اتحاد کا مظاہرہ کرنا ہوگا کیونکہ اگر اس معاملے میں ہلکی سی بھی چوک ہوگئی تو پھر ان گھس بیٹھیوں کو کراچی سے نکالنا مشکل ہوجائے گا۔ آفاق احمد نے کہا کہ مہاجر قوم کے پاس اس وقت ’’ موم بتی‘‘ سے بہتر کوئی چوائس نہیں کیونکہ موم بتی پر مہر ہی ناصرف جنوبی سندھ صوبے کی منزل قریب لائے گی بلکہ شہر کا بگڑا حلیہ درست کرنا بھی ممکن ہوسکے گا۔ مہاجر نمائندے اسمبلیوں میں پہنچنے کے بعد کام کرکے دکھائیں گے ۔ آفاق احمد نے کہا کہ ہم نے پلاٹ، پرمٹ اور پیسے کی سیاست پر ہمیشہ لعنت بھیجی جس کی وجہ سے آج انتخابی سرگرمیوں کیلئے وسائل میسر نہیں، اس الیکشن میں پیسے والوں کا مقابلہ قوم سے ملنے والی محبت کے ذریعے کرکے ثابت کریں گے کہ جہاں حوصلہ جوان اور عزائم بلند ہوں وہاں وسائل کی کمی بیڑیاں نہیں بن سکتی۔ انہوں نے مزید کہا کہ قوم اس بار عہد کرلے کہ ووٹ مانگنے کیلئے انکے دروازے پر جو بھی آئے اسے ہار پہنا کر رخصت کریں لیکن 25جولائی کو ووٹ صرف اور صرف موم بتی کو دیں کیونکہ یہی انتخابی نشان قوم کو اسکا کھویا وقار واپس دلاسکتا ہے۔
تازہ ترین