• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

پی سی بی کا 25کھلاڑیوں کوکنٹریکٹ دینے کا فیصلہ، تنخواہ بھی دگنی

پی سی بی کا 25کھلاڑیوں کوکنٹریکٹ دینے کا فیصلہ، تنخواہ بھی دگنی

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اگلے مالی سال کے سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے کھلاڑیوں کی حتمی فہرست تیار کر لی ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ نئے کنٹریکٹ 35 کے بجائے 25 کھلاڑیوں کودینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق پی سی بی نے نوجوان کھلاڑیوں کی عمدہ کارکردگی کو دیکھتے ہوئے گزشتہ سال 35 کھلاڑیوں کو سینٹرل کنٹریکٹ دیا تھا تاہم چند کھلاڑیوں کی مایوس کن کارکردگی کو دیکھتے ہوئے کھلاڑیوں کی فہرست میں کٹوتی کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی2018 سے ہو گا جس میں کھلاڑیوں کی تنخواہ تقریباً دگنی کردی گئی ہے جبکہ مبینہ طور پر مثبت ڈوپ ٹیسٹ میں ملوث ہونے والے احمد شہزاد کو کنٹریکٹ میں شامل نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق پی سی بی نے سینٹرل کنٹریکٹ کے لیے جن 25 کھلاڑیوں کے نام فائنل کیے ہیں اس کی اے کیٹیگری میں 6کھلاڑی شامل ہیں،ان میں سرفراز احمد، شعیب ملک، یاسر شاہ، محمد عامر، اظہر علی اوربابر اعظم کے نام شامل ہیں۔

بابر اعظم کو اچھی کارکردگی کی بناء پر بی سے اے کیٹیگری ترقی دے دی گئی ہے تاہم ان تمام کھلاڑیوںنئے کنٹریکٹ کے حساب سے ماہانہ 10،10 لاکھ روپے دیے جائیں گے۔

تجربہ کار محمد حفیظ کی اے سے بی کیٹیگری میں تنزلی ہوئی جبکہ ان کے ساتھ دیگر کھلاڑیوں میں اسد شفیق، حسن علی، فہیم اشرف، عماد وسیم، فخر زمان اور شاداب خان شامل ہیں جنہیں ماہانہ 7لاکھ روپے ملیں گے۔

بورڈ نے ڈی کٹیگری میں کھلاڑیوں کی تعداد 14 سے کم کرکے 5 کردی ہے اور اس فہرست میں صرف رومان رئیس، آصف علی، حسین طلعت، عثمان صلاح الدین اور راحت علی شامل ہیں۔

دوسری جانب سینٹرل کنٹریکٹ میں عماد وسیم اور رومان رئیس کی شمولیت کا انحصار فٹنس سے مشروط ہے ، اگر وہ فٹنس حاصل نہ کر سکے تو عین ممکن ہے کہ ان کی جگہ کسی اور کھلاڑی کو فہرست کا حصہ بنا لیا جائے۔

گزشتہ سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست میں شامل احمد شہزاد، محمد رضوان، محمد اصغر، محمد حسان، عمر امین، میر حمزہ، بلال آصف، عامر یامین، اور آصف ذاکر کے نام نئے سینٹرل کنٹریکٹ کی فہرست سے نکالنے کی تجویز پیش کی گئی ہے تاہم نئے سینٹرل کنٹریکٹ کا اطلاق یکم جولائی 2018 سےاور اختتام یکم جولائی 2019کو ہو گا جس کا بورڈ جلد باقاعدہ اعلان کرے گا۔

تازہ ترین