• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

انتخابی مہم کا باقاعدہ آغاز، میاں والی، پشاور اور بڈھ بیر میں تحریک انصاف، ایم ایم اے اور اے این پی کی طرف سے سیاسی طاقت کے مظاہرے، ن لیگ آج کراچی سے شروع کرے گی

اسلام آباد‘میانوالی (صباح نیوز‘این این آئی) ملک بھرمیں انتخابی مہم کا باضابطہ آغازہوگیا‘مسلم لیگ (ن)آج کراچی سے الیکشن مہم شروع کرے گی‘ تحریک انصاف کی جانب سے انتخابی مہم کا آغاز میانوالی میں جلسے سے کیا گیا‘دینی جماعتوں کے اتحاد متحدہ مجلس عمل کی جانب سے پشاور کے سرحد یونیورسٹی رنگ روڈ پر جلسے کا انعقاد کیاگیاجبکہ عوامی نیشنل پارٹی نے بڈھ بیر پشاور میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کیا‘ادھراتوار کو اپنے ایک ویڈیوپیغام میں شہباز شریف نے کہا کہ ملک سے لوڈ شیڈنگ کا خاتمہ کر چکے ہیں‘2013ءکی طرح آئندہ بھی تمام وعدے پورے کرینگے ‘ صحیح معنوں میں ملک کو قائد اور اقبال کا پاکستان بنائیں گے ۔۔تفصیلات کے مطابق تحریک انصاف نے عمران خان کے آبائی علاقے میانوالی سے انتخابی مہم کا باضابطہ آغاز کردیا ہے ‘اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے پارٹی چیئرمین عمران خان نےحکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ قوم غریب اور حکمران امیر ہو گئے ہیں‘ سالانہ 8ہزارارب روپے ٹیکس اکٹھا کرکے دکھاؤں گا‘ دعا کریں، یا اللہ اس جماعت کو جتادے جو قوم کی قدر کرے، اللہ انہیں کامیابی دے جو ملک میں انصاف لائے، ظالموں کو جیل میں ڈالے، اللہ انہیں کامیابی دے جو ملک کو غربت سے نکالے‘ان کا کہناتھاکہ نیا پاکستان خود دار اور اپنے پیروں پر کھڑا ہوگا ٗ ملک کو گھر کی طرح سمجھیں‘ ن لیگ نے لوڈشیڈنگ ختم نہ کی ،چالیس ارب اشتہاروں پر لگائے ، کیا شہباز شریف بجلی بنا کر شاپنگ بیگ میں لے کر چلے گئے ؟ ہار جیت اللہ کے ہاتھ میں ہے، شکر ہےاللہ نے ظالموں اور چوروں سے ملک بچانے کا موقع دیا ٗ احسن اقبال کے پاس چوری، کرپشن، جھوٹ بولنے والی تجربہ کار ٹیم تھی ٗاللہ کبھی وہ لیڈر نہ دے جس کے پیسے باہر ہوں ٗالیکشن 2018 کیلئے پوری کوشش کی کہ میرٹ پر ٹکٹ دئیے جائیں جن لوگوں کو ٹکٹ نہیں ملے ان کے دکھ کا احساس ہے، معذرت چاہتا ہوں۔پی ٹی آئی چیئرمین نے مزیدکہاکہ ہمارا سب سے بڑا مسئلہ یہ ہے کہ ملک چلانے کیلئے پیسہ نہیں ہے‘ایف آئی اے کو مضبوط ادارہ بنائیں گے، پولیس کو ٹھیک کریں گے، تعلیمی ایمرجنسی نافذ کریں گے‘ہم سادگی اختیار کریں گے، بڑے گورنر ہاؤس پبلک کیلئے رکھیں گے، کبھی بھیک نہیں مانگنا پڑے گی، قرض نہیں لینا پڑیگا۔انہوں نے کہا کہ چار ہفتے رہ گئے ہیں ٗ ملک کا مستقبل بدلنے لگا ہے‘انہوں نے کہا کہ پانی کا مسئلہ آرہا ہے، کسی نے بندوبست نہیں کیا‘دعاکریں اللہ کبھی وہ لیڈر نہ دے جس کے پیسے باہر ہوں‘وہ لیڈر دے جس کا جینا مرنا پاکستان میں ہو، ایسا لیڈر ہو جو اپنا علاج بھی سرکاری ہسپتال میں کرائے۔ اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ٹکٹوں کیلئے بڑا پریشر تھا‘میانوالی میں میرے رشتہ دار سارے ٹکٹ مانگ رہے تھے،لیکن تحریک انصاف میں صرف میرٹ پر ٹکٹ ملیں گے۔چیئرمین پی ٹی آئی نے کہا کہ پاکستان کی تاریخ میں کبھی اتنا قرضہ قوم پرنہیں ہوا،جتنا یہ دونوں بھائی کرکے گئے ہیں‘عمران خان نے حکمرانوں کو آڑے ہاتھوں لیتے ہوئے کہا کہ قوم غریب اور حکمران امیر ہو گئے ہیں، ان کے باہر اثاثے،لندن میں فلیٹس ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ شریف برادران اور احسن اقبال ایک ادارہ بتائیں جو انہوں نے ٹھیک کیا ہو، اسٹیل مل چل رہی تھی،ان کے دور میں بند ہوئی،10 سال میں انہوں نے ملک کو کنگال کر دیا ہے۔خواجہ سعد رفیق پر نیب میں اربوں روپے کرپشن کا کیس چل رہا ہے ،خواجہ آصف کے پاس کیا ہنر تھا کہ ایک منٹ کا کام نہیں کرتے تھے اور دبئی کی کمپنی 16 لاکھ روپے مہینہ تنخواہ دے رہی تھی ۔ 

تازہ ترین