• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لندن فلیٹ کے علاوہ بھی شریف فیملی کی کئی جائیدادیں ہیں، برطانوی اخبار

لندن فلیٹ کے علاوہ بھی شریف فیملی کی کئی جائیدادیں ہیں، برطانوی اخبار

لندن (جنگ نیوز) برطانوی اخبار نے دعویٰ کیا ہے کہ شریف خاندان کے پاس لندن فلیٹ کے علاوہ بھی برطانیہ میں کئی جائیدادیں ہیں۔برطانوی اخبار ڈیلی میل نے نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے لندن میں جائیدادوں سے متعلق رپورٹ شائع کی ہےجس کے مطابق لندن میں ایون فیلڈ کے علاقے میں سابق وزیراعظم پاکستان نواز شریف نے 4لگژری فلیٹس کو ملا کر ایک وسیع و عریض عمارت میں تبدیل کرلیا ہے جو 1993سے ان کے زیر استعمال ہے اور جن کی مالیت اس وقت 70لاکھ پاؤنڈ ہے،نواز شریف کے ساتھ ساتھ لندن فلیٹس حسن، حسین، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کے بھی زیر استعمال ہیں۔ نواز شریف پر لندن فلیٹس غیرقانونی پیسے سے خریدنے کا الزام ہے جب کہ یہ فلیٹس تو برطانیہ میں نواز شریف کی وسیع و عریض جائیداد کی سلطنت کا محض ایک حصہ ہیں۔ برطانوی اخبار نے ان فلیٹس کے اندرونی تصاویر بھی شائع کی ہیں جن کو دیکھ کر فلیٹس کی بجائے کسی محل کا گماں ہوتا ہے۔شریف خاندان پر لندن فلیٹس کے علاوہ غیر قانونی پیسے سے برطانیہ کے پوش علاقوں مے فیئر، چیلسی، بلگراویا میں 21 جائیدادیں خریدنے کا الزام ہے،تمام جائیدادوں کی مجموعی مالیت 3کروڑ 20 لاکھ پاؤنڈ بنتی ہے۔رپورٹ کے مطابق شریف فیملی نے دیگر جائیدادوں سے بھی بھاری منافع کمایا ہے جن میں ون ہائیڈ پارک کا گھر بھی شامل ہے جسے حسن نواز نے 4کروڑ 30لاکھ پاؤنڈ میں فروخت کیا تھاتاہم ان کے خلاف جاری نیب ریفرنس میں اس گھر کا تذکرہ نہیں۔ برطانیہ میں شریف فیملی کی جائیدادوں کا سراغ لگانا آسان نہیں کیونکہ ان پراپرٹیز کو کمپنیوں، ٹرسٹس اور بینک اکاؤنٹس کے پیچیدہ جال کے ذریعے رجسٹرڈ کیا گیا ہے۔

تازہ ترین