• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
ورلڈکپ کے نتائج حیران کن ہوں گے، عبداللہ راہی

عالمی شہرت یافتہ سابق پاکستانی فٹ بالر عبداللہ راہی نے کہا ہے کہ موجودہ ورلڈ کپ کے نتائج انتہائی حیران کن ہوں گے، بڑی ٹیموں کو گروپ کے ابتدائی میچز میں ہمیشہ کی طرح سخت مقابلوں کا سامنا رہا ہے۔ انگلینڈ نے موجودہ ورلڈ کپ کی سب سے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ کپتان ہیری کین نے پانامہ کے دفاع کو پارہ پار کرکے اپنی ٹیم کو ٹاپ سسکٹین میں پہنچا دیا، ارجنٹائن اور نائجریا کے درمیان میچ سب سے زیادہ دلچسپ ہوگا جس میں ارجنٹائن کی ٹیم کامیابی حاصل کرے گی، کولمبیا کی کارکردگی بھی متاثر کن رہی،

’جنگ ‘سے گفتگو میں سابق اسٹار کھلاڑی کا کہنا تھاکہ گروپ جی میں ہونے والا انگلینڈ اور پانامہ کا میچ مکمل طور پر یکطرفہ رہا۔ انگلش ٹیم نے کمال کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ورلڈ کپ پہلی مرتبہ ہاف سے قبل 5 گولز کیے۔

ان کا یہ بھی کہنا تھا کہ کپتان ہیری کین کا اس میں سب سے بڑا شیئر ہیٹ ٹرک تھی، انگلینڈ کا اس ورلڈ کپ میں کھیل نکھر کر سامنے آیا ہے اس نے دو میچز کھیلے اور دونوں جیتے ہیں، پانامہ نے بھی بالاخر ایک گول کرکے اپنا کھاتہ کھولا۔ اس گروپ سے دوسری ٹیم بلجیم نے بھی دو میچز جیتے ہیں اب دونوں ٹاپ ٹیموں کے درمیان مقابلہ انتہائی سنسنی خیز ہوگا۔

عبداللہ راہی کا کہنا تھاکہ میں سمجھتا ہوکہ ناک آئوٹ مرحلے میں تمام ٹیموں کو اپنی اصل قوت کے ساتھ مقابلہ کرنا ہوگا، فیفا ورلڈ کپ 2018 میں انگلینڈ نے پاناما کو شکست دے دی۔ جاپان اور سینیگال کے درمیان کھیلا گیا دوسرا میچ 2-2 گول سے برابر رہا جبکہ تیسرے میچ میں کولمبیا نے پولینڈ کو 0-3 سے شکست دے دی۔

انہوں نے مزید کہا کہ جاپان اور سینگال کے درمیان مقابلہ دلچسپ رہا جس میں دونوں ٹیموں نے ایک دوسرے کے خلاف جارحانہ کھیل پیش کیا اور توقع کی جارہی تھی کہ جاپان اس میں میں فتح حاصل کرے گی۔ کولمبیا نے پولینڈ کو 3-0 سے شکست دی یہ مقابلہ بھی یکطرفہ رہا۔

تازہ ترین