• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

ہمارے گھر وں میں لان ہوتے ہیں لیکن بعض اوقات مصروفیات کی وجہ سے ان پر ہم دھیان نہیں دیتے، اور اس کی دلکشی اور افادیت سے محروم ہونے لگتے ہیں ۔ جس طرح گھر کے اندر کی آرائش آپ کے ذوق کی آئینہ دار ہوتی ہے ویسے ہی ، لان کو خوشنما رکھنا بھی آپ کی ترجیحات میں ہونا چاہئے کیونکہ آپ کے ڈرائنگ روم میں پہنچنے سے پہلے لوگ آپ کے داخلی رستوں پر بنے لان یا اس کے پاس سے گزرتے ہیں۔ اسی لیے اسے جاذب نظر ہونا ضروری ہے۔

لان کی آرائش ایک فن ہے، انگریزی میں اس فن کو لینڈا سکیپنگ کہتے ہیں اور اُردو میں ہم اسے باغیچہ سنوارنے کی منصوبہ بندی کہہ سکتے ہیں لیکن لینڈا سکیپنگ باغ باغیچے سے زیادہ مقاصد پورے کرتی ہے کیونکہ باغ باغیچہ صرف پھولوں کی کیاریوں اور گھاس کے سرسبز قطعوں کے لئے ہی استعمال کیا جاتا ہے ۔لینڈ اسکیپنگ یا جسے ہم لان اسکیبپنگ بھی کہہ سکتے ہیں اس میں پھل پھول اور سبزیوں کے قطعے بنائے جاسکتے ہیں ۔ بچوں کو کھیلنے کے لیے کھلی جگہ،اُٹھنے بیٹھنے اور گھریلو کام کاج کے لئے کھلی جگہ مہیا کی جاسکتی ہے اور دالان کا اس کی ملحقہ زمین کے درمیان خوشگوار تعلق قائم کیا جاسکتاہے۔

جاپانی باشندے کے لینڈ سکیپنگ میں ماہر سمجھے جاتے ہیں جن لوگوں نے جاپان دیکھا ہے یا اس کے بارے میں فلمیں دیکھی ہیں، ان کا کہنا ہے کہ جاپانیوں کے گھر اگرچہ چھوٹے چھوٹے ہوتے ہیں لیکن وہ گھروں کے سامنے چند گز کھلی جگہ چھوڑتے ہیں اور اس کھلی جگہ کو لینڈ اسکیپنگ فن کے مطابق دلکش منظر میں بدل دیتے ہیں اس کا اہم مقصد یہ ہے کہ گھر کے اردگرد کھلی جگہ کی اس طرح ترتیب اور تزئین کی جائے کہ ماحول خوبصورت ہو جائے اور وہاں وقت گزارنا بہتر محسوس ہو ۔

بنچوں کا انتظام

ویسے تو نرم نرم ہری گھاس پر بیٹھنے کا الگ ہی مزہ ہے لیکن اگر گھا س ہموار نہ ہو مشکل ہوتی ہے، کیونکہ ایک اچھے باغ کی پہچان یہ ہے کہ اس کا سبزہ زار یا لان سرسبز اور ہموار ہو، اس کی کیاریاں واضح اور ترتیب وار ہونی چاہئیں اور ان میں لگے ہوئے پھول اور رنگت اور پودے مناسبت سے ہوں۔ لان کے ایک حصے میں ریت ڈال کر تین سے پانچ سال کے بچوں کے لئے کھیلنے کا بندوبست کیا جاسکتا ہے۔ یوں بھی برسات اور سردیوں میں لوگوں کو قدرے کھلی جگہ کی ضرورت ہوتی ہے اگر کھلی جگہ نہ ہو تونہ آپ سردیوں سے لطف اندوز ہوسکتے ہیں اور نہ برسات کا مزہ لے سکتے ہیں کیونکہ برسات میں گھر کے اندر کی فضا بوجھل ہوجاتی ہے۔ موقع کی مناسبت سے کھلی جگہ پر ضروری فرنیچر یا بنچوں سے آراستہ کرنے سے بھی اس ماحول کو آرام دہ بنایا جاسکتا ہے ۔

جھولے لگائیں

لکڑی سے بنے بچوں کے جھولے خاصے مقبول ہیں، جواتنے بڑے بھی ہوتے ہیں کہ ان پر بڑے لوگ بھی بآسانی آرام کرسکتے ہیں۔ یہ جھولے جہاں مضبوط پائیدار اور وزن میں کم تے ہیں، وہیں اپنی ان خوبیوں کی وجہ سے بآسانی ایک سے دوسری جگہ منتقل کیے جاسکتے ہیں۔ جھولوں کی ہی خوبیوں کو مدنظر رکھتے ہوئے ایسی خواتین جو گھروں میں اکیلی ہوتی ہیں ان کیلئے اس طرز کا فرنیچر زیادہ مفید ثابت ہو سکتا ہے۔

لکڑی کا واک وے بنائیں

لکڑی کے تختوں کو صفائی سےگارڈن میں بچھا کر لکڑی کا سادہ سا شاندار واک وے بنایا یا جاسکتاہے جو پکنک اور بچوں کے پلے گراؤنڈ کے طور پرکام آسکتاہے۔

آبشارلگائیں

پتھر کی دیوار اور اس سے گرتا پانی قدرت سے لگاؤ رکھنے والوں کے لیے جنت سے کم نہیں۔ مگر کیا آپ نے کبھی اس خوب صورتی کو بڑھانے کا سوچا؟ طاق کسی دیوار کو سجانے کا اچھا طریقہ ہیں اور یہ پانی کی خوب صورتی بھی بڑھاتے ہیں۔ دیوار میں طاق بنائیں اور اس میں اس طرح پودے رکھیں کہ وہ آبشار کے قریب ہوں مگر ان میں پانی نہ گرے۔

رنگ برنگے گملے سجائیں

گملے کسی بھی سائز کے ہو سکتے ہیں۔ یہ تصویر کی طرح چھوٹے ہو سکتے ہیں اور ایک پوری دیوار سجا سکتے ہیں۔ ان پر خوب صورت پینٹ کر کے انہیں رنگ برنگے پھولوں سے سجائیں۔ آپ بازار سے مختلف اقسام کے ہک اور گملے حاصل کر سکتے ہیں۔ انہیں لکڑی کے تختوں والی جگہ پر لگا یا جاسکتاہے۔  

تازہ ترین