• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

اسپین۔ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ ٹرافی کی تقریب رُونمائی

اسپین۔ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ ٹرافی کی تقریب رُونمائی

گزشتہ سال بارسلونا کے منجوئیک گراؤنڈ میں ہونے والے ایشیاء کپ ٹی ٹونٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کی کامیابی اور زبردست پذیرائی کے بعد اس سال بھی پہلی جولائی کو ایشیاء کپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے جس میں پاکستان ، بنگلہ دیش اور بھارت کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی ۔

کاتالان کرکٹ فیڈریشن کی جانب سے ہونے والی پریس کانفرنس میں اس ٹورنامنٹ کی تفصیلات بتائی گئیں ۔

کاتالان کرکٹ فیڈریشن کے صدر مرزا بشارت اور سیکرٹری سجاول خان نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اسپین میں مقیم مختلف اقوام کے درمیان بھائی چارے اور ہم آہنگی کے ساتھ ساتھ یورپ میں کرکٹ کو فروغ دینے کے لئے ایشیاء کپ کا انعقاد کیا جا رہا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ اسپین میں مقیم ایشیائی کمیونٹی کی بھر پور فرمائش اور ٹورنامنٹ کی سابقہ کامیابی کو دیکھتے ہوئے یہ فیصلہ کیا گیا ہے ۔

اس موقع پر پاکستان ، بھارت اور بنگلہ دیش کے کپتانوں کو اُن کی یونیفارم دی گئی اور ایشیاء کپ کی ٹرافی کی رونمائی بھی ہوئی ۔

روزنامہ’ جنگ‘ سے بات کرتے ہوئے پاکستان ٹیم کے کپتان عبدالرؤف نے کہا کہ ہمارے کھلاڑیوں کے حوصلے بلند ہیں اور گزشتہ سال کی طرح اس بار بھی ٹورنامنٹ ہم ہی جیتیں گے ۔

پریس کانفرنس میں ایشیاء کپ کے آفیشل پوسٹر کی نمائش بھی کی گئی ۔

یہ ٹورنامنٹ قونصل جنرل بارسلونا علی عمران چوہدری کی صدارت میں ہوگا جبکہ مہمان خصوصی چوہدری امانت مہر ہوں گے ۔

عدنان خان اور صغیر احمد نے بتایا کہ اس سال کھلاڑیوں میں تقسیم کئے جانے والے انعامات کی تعدادبھی زیادہ ہو گی ۔

ٹورنامنٹ کے انعقاد میں تعاون کرنے والوں میں محمد اقبال چوہدری ، حافظ عبدالرزاق صادق ، چوہدری عابد رحمان رانجھا ، چوہدری ثاقب طاہر ، عدیل طاہر ، راجہ بابر ناصر ، کریم الدین ، راہول نافری اور چوہدری تصور حیات وڑائچ شامل ہیں ۔

ٹورنامنٹ کے مہمان خصوصی چوہدری امانت حسین مہر نے ’جنگ ‘کو بتایا ’ پاکستانی کھلاڑیوں کے لئے مثبت سرگرمیوں کا فروغ خوش آئند ہے اور کرکٹ تو ہمارا روایتی کھیل ہے جسے ایشیائی کمیونٹی نے اسپین میں متعارف کرایا ہے۔

انہوں نے کہا کہ ایسے ٹورنامنٹس کے انعقاد کے لئے ہم ہر طرح کا تعاون کرنے کے لئے ہمہ وقت تیار ہیں ۔

واضح رہے کہ بارسلونا میں پاکستان کے قومی کھلاڑی کرکٹر عبدالرزاق ، یاسر عرفات ، محمد خلیل اور راؤ افتخار بھی اپنی پرفارمنس دکھا چکے ہیں ۔

تازہ ترین