• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

تھائی لینڈ کے غارمیں پھنسے بچے کس حالت میں ہیں؟


تھائی لینڈ کے غارمیں لاپتہ ہونے والی جونیئر فٹ بال ٹیم کے 12 بچے اور کوچ کی ایک ویڈیو جاری کی گئی ہے جس میں وہ کہہ رہے ہیں کہ ’ہم اچھی حالت میں ہیں‘۔

تھائی لینڈ میں جونیئر فٹ بال ٹیم کے 12 بچے اور ان کا کوچ 23 جون کو غاروں کی مہم جوئی کے دوران پانی سے بھرے ایک غار میں لاپتہ ہوگئے تھے جنہیں نو روز بعد تھائی حکام نے امریکا،برطانیہ، آسٹریلیا اور چین کی امدادی ٹیموں کی مدد سے زندہ ڈھونڈ لیا ہے تاہم ان کو نکالنے کا کام جاری ہے۔

حکام کے مطابق ان میں سے کسی کی بھی حالت تشویشناک نہیں ہے مگر انہیں بڑھتے ہوئے پانی اور کيچڑ سے نکلنا بڑا مسئلہ ہے۔

اس سے قبل تھائی لینڈ کی فوج کا کہنا تھا کہ انھیں باہر نکالنےکے لیے غوطہ خوری سیکھنی ہوگی یا پھر مہینوں تک سیلاب کے کم ہونے کا انتظار کرنا ہوگا۔

غاروں میں لاپتہ ہونے والے افراد کی تلاش میں تھائیبحریہ کے خصوصی دستے نے حصہ لیا ۔امدادی کارکن پھنسے ہوئے افراد کو طبی امداد فراہم کر رہے ہیں اور بچوں کو مشغول رکھنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

تھائی بحریہ نے سوشل میڈیا پیج پر بچوں اور کوچ کی ایک ویڈیو شیئر کی ہے جس میں وہ اچھی صحت میں خوش نظر آرہے ہیں، ویڈیو میں سب اپنا اپنا تعارف بھی پیش کر رہے ہیں۔

ویڈیو میں ایک غوطہ خور انگریزی میں پوچھ رہا ہے کہ 'آپ کتنے افراد ہیں؟ جواب میں وہ کہتے ہیں کہ 'تیرہ۔

ویڈیو میں یہ بھی دیکھا جا سکتا ہے کہ غار میں بچوں کو ٹارچ کی مدد سے روشنی فراہم کی گئی ہے۔بچوں کو معمولی خراشیں آئی ہیں جن کا علاج تھائی بحریہ کے ڈاکٹر کر رہے ہیں۔بچوں نے غار کے چٹان پر اپنی فٹ بال ٹیم کا نام بھی لکھ ڈالا۔

لاپتہ افراد کے خاندان ان کے ملنے پر بہت خوش ہیں، فیس بک پر ان کی ویڈیو دیکھ کر انہیں مزید تسلّی ہو گئی۔

واضح رہے شمالی تھائی لینڈ کے چیانگ رائی میں موجود تھام لوانگ غار برسات کے زمانے میں سیلاب کے پانی سے بھر جاتے ہیں اور یہ پانی وہاں ستمبر اکتوبر تک رہتے ہیں۔

تازہ ترین