• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
U-Shaped کچن عملی، فعال اور پرکشش

ہم جانتے ہیں کہ کچن گھر کا دل ہوتا ہے، کیوں کہ یہاں سارے خاندان کے لیے کھانا بنتا ہے اور اکثر کھایا بھی یہیں جاتا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کچن کے لیے ایک ایسا ڈیزائن ضروری ہے، جو بیک وقت عملی، فعال اور پرکشش ہو۔ ایسے میں سوال پیدا ہوتا ہے کہ کچن کے لیے ایسا کون سا ڈیزائن منتخب کیا جائے، جوبیک وقت ان تینوں اور دیگر خصوصیات کا حامل ہو۔ سب سے عام ڈیزائنز L, U, I اور G کے نام سے جانے جاتے ہیں۔ تاہم آج ہم آپ کے لیے چند یو(U)شکل کے بہترین کچن ڈیزائنز کے آئیڈیاز پیش کریں گے، جو آپ کو کچن کا ڈیزائن منتخب کرنے میں رہنمائی فراہم کریں گے۔

مدنظر رکھنے والے عوامل

ایک باورچی خانے کو حسین کے ساتھ ساتھ فعال بھی ہونا چاہیے اور اس فعالیت پر بہت سے عوامل اثر انداز ہوتے ہیں۔ کچن ڈیزائن کرتے وقت آپ کو ان سب کو مد نظر رکھنا ہو گا ورنہ آپ اپنی تخلیق سے مطمئن نہیں ہو پائیں گے۔

کچن ڈیزائن کرنے کے لیے بہترین عناصر

الماریوں کے دروازوں اور درازوں کے لیے خوبصورت رنگ اور ڈیزائن چنیں۔ مسالے کے ڈبوں کے لیے منفرد ریک خریدیں۔ چمکتے دمکتے کاؤنٹر لگوائیں اور الماریوں کے اندر اور ان کے نیچے روشنیاں لگوانا مت بھولیں۔ نیچے لگی روشنیاں کام کرنے میں مددگار ثابت ہوں گی۔

U-Shaped کچن عملی، فعال اور پرکشش

چھوٹے اور روایتی

’یو‘ شکل کے باورچی خانے ہر قسم کی جگہ کے لیے مثالی ہوتےہیں۔ اس شکل کے باورچی خانے ہر کونے کے لیے مکمل طور پر موزوں رہتے ہیں اور جگہ کا اچھی طرح استعمال کرتے ہیں۔

 یہاں اس باورچی خانے میں محدود جگہ مزیدار کھانے بنانے میں کوئی رکاوٹ نہیں۔ یہ کچن اپنی خوبصورتی، نفاست اور ڈیزائن کے حوالے سے ہر لحاظ سے منفرد ہے۔

جدید انداز

’یو‘ شکل کے باورچی خانے کی حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ان کو کسی بھی ڈیزائن میں بنایا جا سکتا ہے۔ اس باورچی خانے میں آپ دیکھ سکتے ہیں کہ کس کمال مہارت اور سلیقے سے ہر چیز کو ایک زبردست ترتیب کے ساتھ رکھا گیا ہے۔سفید اور گرےرنگ کا امتزاج لاجواب ہے۔

جگہ کی حد بندی

ایک اچھے طریقے سے بنا ڈیزائن جگہ کا فائدہ اٹھاتا ہے، خواہ اس کی شکل کوئی بھی ہو۔ یہاں طویل باورچی خانے کا کوئی کونہ نہیں ہے جو کہ گھر اورباورچی خانے کے درمیان حد بندی کرے۔

ترتیب کا خیال

یقیناً اس باورچی خانے کے ڈیزائن کو دیکھ کر آپ کی زبان سے ’لاجواب‘ اور ’اعلیٰ ترین‘ جیسے الفاظ نکلیں گے۔ ڈیزائنر نے اس باورچی خانےکی ترتیب میں خاصی دلچسپی لی ہے اور انھوں نے بالکل درست اندازہ لگایا ہے کیونکہ ان سب میں سے ایک مثالی اور دلکش وہ درازوں والی جگہ ہے جہاں بوتلیں ، مصالحے اور برتن وغیرہ ترتیب سے رکھے جا سکتے ہیں۔

روایتی لوازمات

ایک خوب صورت میز پوش اور خوب صورت گرد و نواح جو روشنی سے منور ہے، اس باورچی خانے کو اتنا دلکش بنا رہی ہے کہ اسے دیکھتے ہی پسند کیا جا سکتا ہے اور یہ روایتی اور دیہی طرز کا بنا ہوا ہے اور اسی طرز کی بناء پر اسے پسند کیا جاتا ہے۔ اس میں آپ چاہیں تو اپنے گھر کے مجموعی ماحول کے مطابق لکڑی کے فرنیچر کو شامل کرسکتے ہیں۔

U-Shaped کچن عملی، فعال اور پرکشش

ذرا ہٹ کے

کچن کی یہ ترتیب ان لوگوں کے لیے بہترین ہے، جن کے لیے کھانا پکانا کسی تفریح اور مشغلے کی طرح ہوتا ہے۔ اس میں تین دیواروں کے ساتھ کاؤنٹر لگے ہوتے ہیں جو ایک L کو ایک اور سیدھی لکیر کے ساتھ ملا دیتے ہیں۔ پورا کچن آپ کے کھیلنے کے لیے موجود ہے۔

رنگ کا انتخاب

کہا جاتا ہے کہ سرخ رنگ بھوک بھڑکا دیتا ہے، کچن کی دیواروں یا الماریوں کے لیے یہ رنگ بہترین ہے۔ سفید رنگ تازگی اور صفائی کا احساس دیتا ہے اور کیوں کہ زیادہ تر لوگ اپنے دن کا آغازکچن سے کرتے ہیں، تویہ ان کا موڈ اچھا کر دیتا ہے۔ سرمئی ایک مقبول رنگ ہے، جسے آپ کسی شوخ رنگ کے ساتھ استعمال کر سکتے ہیں۔ نیلا رنگ سفید یا دوسرے ہلکے رنگوں کے ساتھ مل کر غضب ڈھاتا ہے۔ پیلا رنگ آپ کے کچن کو روشن کر دیتا ہے اور آپ کو خوشی و سکون کا احساس دیتا ہے۔ جبکہ سبز رنگ سفید اور بھورے رنگ کے ساتھ حسین نظر آتا ہے۔

سفید اور خوب صورت

یہ کچن سفید اور سادہ ہے لیکن یہ دیکھنے میں دلکش لگتا ہے۔یو شکل کے باورچی خانے جگہ کا مکمل فائدہ اٹھاتے ہیں اور ایک ملی میٹر بھی ضائع نہیں ہوتا۔ سرخ اسٹول (تپائی) ناشتے کی جگہ پر رکھے ہوئےاس قدیم باورچی خانے میں تھوڑا رنگ بھر دیتے ہیں۔ شیلف بھی بار بار استعمال کرنے کے لیے مفید ہیں۔

تازہ ترین