• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

آسیہ اندرابی ریمانڈ پر بھارتی تحقیقاتی ادارے کے حوالے

آسیہ اندرابی ریمانڈ پر بھارتی تحقیقاتی ادارے کے حوالے

کشمیری رہنما برہان وانی کی دوسری برسی سے قبل قابض انتظامیہ کی بوکھلاہٹ واضح ہوگئی، وادی میں پابندیاں نافذ، حریت رہنما گرفتار اور نظر بند کردیئے گئے ،جبکہ دختران ملت کی سربراہ آسیہ اندرابی کو عدالت نے 10 روزہ ریمانڈ پر بھارتی تحقیقاتی ادارے کے حوالے کر دیا ۔

کشمیری رہنما برہان وانی کی دوسری برسی سے قبل قابض انتظامیہ بوکھلاہٹ کا شکار ہے، بھارت مخالف احتجاج اور مظاہرے روکنے کیلئے وادی میں پابندیاں نافذ اور بھارتی فورسزکی اضافی نفری تعینات کردی گئی ہے۔

اس موقع پر متعدد حریت رہنما ؤںکو گرفتار اور گھروں میں نظربند کیا گیا ہے، میر واعظ عمر فاروق کا کہنا ہے کہ کٹھ پتلی انتظامیہ مظاہروں میں شرکت سے روکنے کیلئے یہ کام کررہی ہے ۔

گزشتہ روز بھی سری نگر کی جامع مسجد کو سیل کرکے کشمیریوں کونماز جمعہ کی ادائیگی سے روک دیا گیا۔ سید علی گیلانی، میر واعظ عمر فاروق اور یاسین ملک نے برہان وانی کی دوسری برسی کےموقع پر کل ہڑتال کا اعلان کر رکھا ہے۔

دوسری جانب دختران ملت کی سربراہ آسیہ انداربی کو بھارتی تحقیقاتی ادارے نے جھوٹے مقدمات میں سری نگر سے نئی دہلی منتقل کردیا ،جہاں دہلی کی عدالت نےآسیہ اندرابی کو دو ساتھیوں سمیت 10 روزہ ریمانڈ پراین آئی اے کے حوالے کردیا ہے۔

حریت قیادت نے بھارتی اقدام کی سخت مذمت کرتےہوئےآج بھی مکمل ہڑتال کا اعلان کیا ہے۔

تازہ ترین