• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
گرین کنسٹرکشن ضرورت یا فیشن؟

سبز تعمیرات (Green Construction)کے نظریے میں ماحول موافق تعمیر، معقول شہری منصوبہ بندی کے ایک عنصر کے طور پر شامل ہے۔ یہ اپنے آپ میں ایک پائیدار (Sustainable) اور توانائی کے کم خرچ سے مطلوبہ نتائج حاصل کرنے والی تعمیر ہے، جو ساز و سامان کے کم سے کم ضیاع اوراستعمال کوبھی یقینی بناتی ہے۔ ان عملی اقدامات سے پرے سبز تعمیرات کا نظریہ ایک فلسفے کی نمائندگی کرتا ہے، جہاں فنِ تعمیر اور فطرت ایک دوسرے سے مربوط معلوم ہوتے ہیںاور ان میں ایک طرح کی ہم آہنگی نظر آتی ہے۔

امریکی گرین بلڈنگ کونسل (USGBC) کے مطابق، ’سبز‘ یا ’پائیدار‘ عمارت کے طریقوں میں ماحولیاتی، اقتصادی،طبی اور سماجی فوائد ہیں۔ ریاست ہائے متحدہ امریکامیںعمارتیں (رہائشی اور تجارتی) بجلی اور توانائی کی کھپت اور ماحولیات پر کس طرح اثرانداز ہوتی ہیں، اس کا اندازہ درج ذیل اعدادوشمار سے بخوبی لگایا جاسکتا ہے۔ امریکا میںپیداکی جانے والی 42فیصد بجلی عمارتوں میں استعمال ہوتی ہے،مجموعی توانائی کی کھپت میں عمارتوں کا حصہ39 فیصدہے، کاربن ڈائی آکسائیڈ کے اخراج میں حصہ 38 فیصد ہے۔ اس کے علاوہ استعمال شدہ 40 فیصد خام مال، 30 فیصد فضلہ کی پیداوار اور 14 فیصد پینےکے پانی کی کھپت امریکاکی رہائشی اور تجارتی عمارتوں کے مرہونِ منت ہے۔ اس تمام صورتحال کے پیش نظر، انسان کی سہولت اور زندگی کے معیار کو بہتر سے بہتر کرنے کے لیے سبز عمارتوں یا پائیدار فنِ تعمیر کا مقصد کھپت اور فضلہ کم کرنا ہے۔

ماحولیاتی فوائد

سبز فنِ تعمیر کے ماحولیاتی فوائد اہم ہیں۔ گرین عمارتیں ماحولیاتی نظام کو فروغ دینے، ان کے تحفظ، ہوا اور پانی کی کیفیت کو بہتر بنانے، ٹھوس فضلہ کو کم کرنے اور قدرتی وسائل کو تحفظ فراہم کرنے میں اہم کردار ادا کرتی ہیں۔ یو ایس جی بی سی کے مطابق، روایتی طور پر تعمیر شدہ تجارتی عمارت کے مقابلے میں، سبز عمارتیں 26 فی صد کم توانائی استعمال کرتی ہیں، اس کی قیمت تقریباً13 فی صد کم ہوتی ہے، 27 فیصد زیادہ پیشہ ورانہ طور پر اطمینان بخش ہوتی ہیں اور 33 فی صد کم گرین ہاؤس گیسز کا اخراج کرتی ہیں۔ امریکا کی ماحولیاتی تحفظ ایجنسی کا کہنا ہے کہ تعمیراتی ماحول، قدرتی ماحول پر دیرپا اثرات مرتب کرتا ہے اور یہ کہ سبز فن تعمیر اور سبز عمارت قدرتی وسائل کی کھپت کو کم کرنے میں مدد دیتی ہے ۔ اس بات کو اس طرح سمجھا جاسکتا ہے کہ امریکا میںمجموعی طورپر پانی کی کھپت26 ارب گیلن یومیہ ہے، جس میں سے تقریباً 7 ارب گیلن یا 30 فیصد بیرونی مقاصد کے لیے استعمال کیا جاتا ہے، جیسے زمین کی تزئین کے مقاصد۔ماحول دوست عمارات اکثربیرونی مقاصد کے لیے برساتی پانی کےاستعمال کو بہتر بناکر پانی کی بچت کی حکمت عملی کو شامل کرتی ہیں، تاکہ زیرِ زمیں پانی حاصل کرنے لیے کنویںکی کھدائی نہ کرنے پڑے۔

اقتصادی فوائد

پائیدار عمارت سے بہت سارے فوائد اُٹھائے جاتے ہیں، بشمول آپریٹنگ اخراجات میں کمی، اعلیٰ پیشہ ورانہ اطمینان اور پیداوار میں اضافہ وغیرہ۔ اس کے علاوہ، ایک سروے کے مطابق، ایک روایتی عمارت کے مقابلے میں، سبز عمارت جلد فروخت ہوجاتی ہے۔ پائیدار عمارات کے ساتھ منسلک کم آپریٹنگ اخراجات کی وجہ سے، روایتی عمارتوں کے مقابلے میں انھیں بحال اور قابلِ استعمال حالت میں برقرار رکھنا آسان ہوتاہے۔ گرین عمارتوں میں عام طور پر درجہ ءحرارت کو بہتر طور پر کنٹرول رکھنے کی صلاحیت ہوتی ہے اور ان میں وینٹیلیشن کو بہتر بنایا جاتاہے۔ عام الفاظ میں یوں کہا جاسکتا ہے کہ سبز یا پائیدار عمارتیں ایسی صحت مند ہوتی ہیں جو مصنوعی توانائی کے استعمال سے پیدا ہونے والی روشنی کے مقابلے میں قدرتی روشنی کا زیادہ سے زیادہ استعمال کرتی ہیں، جس کے باعث ان عمارتوں کو تعمیر کرنے والے اور انھیں رہائشی یا تجارتی مقاصد کے لیے استعمال کرنے والے لوگ خود کو سماجی طور پر زیادہ ذمہ دار اور بہتر محسوس کرتے ہیں۔

صحت اور کمیونٹی کے فوائد

یو ایس جی بی سی کے مطابق، ماحول دوست عمارات کا صحت اور معاشرتی فوائد میں کردار ثابت شدہ ہے۔ کم توانائی خرچ کرنے سے لے کر کم فاضل مادے پیدا کرنے تک، یہ انسان کی جیب سے لے کر صحت تک، ہر شعبے میں انسان دوست اور معاون ثابت ہوتی ہیں۔ سبز تعمیرات سے عمارتوں اور ارد گرد کا درجہ ءحرارت قابلِ برداشت حد میں رہتا ہے، ہوا کا معیار اچھا رہتا ہے اور ان کا ڈھانچہ ماحولیات اور زمین پر کم بوجھ بنتا ہے۔ ’ماحولیات اور وسائل کا سالانہ جائزہ‘ رپورٹ میں، لارنس برکلی نیشنل لیبارٹری کے محقق، ولیم جی فاسس کا کہنا ہے کہ، سبز عمارتیں صحت مند عمارتیں ہوتی ہیں اور یہ الرجی اور دمہ کی بیماری میں مبتلا مریضوں کے لیے فطری علاج کا کام کرتی ہیں۔

تازہ ترین