• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہونا شروع

مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہونا شروع

بحیرۂ عرب اورخلیج بنگال کی مون سون ہوائیں پاکستان میں داخل ہونا شروع ہوگئیں،محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون ہواؤں میں جمعرات سے شدت آنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ مغربی ہواؤں کا نیا سلسلہ بھی ملک کے بالائی علاقوں میں آج سے متوقع ہے، بارشوں کا آغاز کشمیرسے ہوا ہے، یہ سلسلہ بالائی پنجاب اورخیبر پختونخوا تک جائے گا۔

آزاد کشمیر میں مون سون کی بارشوں کا آغاز ہو گیا، آزاد کشمیر کےعلاقے نکیال میں وقفے وقفے سے گرج چمک کے ساتھ بارش جاری ہے،ملک کے دیگرحصوں میں موسم گرم اور خشک ہے۔

محکمہ موسمیات نے پنجاب، گلگت بلتستان اور کشمیر کے کچھ مقامات پر گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیش گوئی کی ہے۔

گلگت بلتستان اور خیبرپختونخوا کے بالائی علاقوں میں کہیں موسم صاف اور کہیں ابرآلود ہے۔

سندھ، پنجاب اور بلوچستا ن کے بیشتر شہروں میں موسم گرم اور خشک ہے جبکہ کئی شہروں میں حبس اور لو نے شہریوں کا براحال کر رکھا ہے۔

بلوچستان کے کئی علاقوں میں موسم شدید گرم ہے، میدانی علاقوں سبی، بولان، چاغی، دالبندین اور ماشکیل میں لو چل رہی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ24گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم شدید گرم اور مرطوب رہے گا۔

مالاکنڈ، ہزارہ، راولپنڈی، گوجرانوالہ، لاہور ڈویژن، اسلام آباد، گلگت بلتستان اور کشمیر میں چند مقامات پر تیز ہواؤں اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے جمعرات سے اتوار تک لاہور، اسلام آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ، ساہیوال، ملتان ڈویژن، مالا کنڈ، ہزارہ، پشاور، مردان، کوہاٹ ڈویژن، فاٹا، کشمیر، بنوں، ڈی آئی خان میں بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

ہفتے سے اتوار تک سندھ اور شمالی بلوچستان میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے جبکہ بارش کے ساتھ گرج چمک ہونے اور تیز ہوائیں چلنے کا بھی امکان ہے۔

تازہ ترین