• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
,

ٹی ٹوئنٹی کپ: پاکستان عالمی نمبر ون پوزیشن مستحکم کرنےمیں کامیاب

ٹی ٹوئنٹی کپ: پاکستان عالمی نمبر ون پوزیشن مستحکم کرنےمیں کامیاب

بم دھماکوں ،کھلاڑیوں کے بائیکاٹ کی دھمکیوں کے باوجود زمبابوے میں 3قومی ٹی 20ٹورنامنٹ کامیابی سے اپنے اختتام کو پہنچا، کرکٹ زمبابوے نے جس دبائو اور معاشی بدحالی میں یہ ایونٹ منعقد کرایا وہ قابل تحسین ہے۔ میزبان ٹیم میں 5 سینئر ز کھلاڑی شامل نہیں تھے جس کے باعث زمبابوے ٹیم کی کارکردگی بری طرح خراب رہی لیکن مجموعی طور پر تجربہ کار اور نوجوان کھلاڑیوں پر مشتمل ا سکواڈ نے پاکستان اور آسٹریلیا کے خلاف زبردست مقابلہ کیا۔فائنل میں پاکستان نے فخر زمان کی شان دار بیٹنگ کی مدد سے آسٹریلیا کو چھ وکٹ سے شکست دے کر ٹرافی اپنے نام کی،فخر زمان نے 46 گیندوں پر شاندار 91 رنز بنائے جس میں 3 چھکے اور 12 چوکے بھی شامل ہیں، بہترین کارکردگی پر انہیں میچ اور سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ ، شعیب ملک نے ایونٹ کے دوران 2ہزار رنز مکمل کر کے پہلے ایشیائی کھلاڑی کا اعزاز حاصل کیا۔فائنل سے قبل تک ایونٹ کا سب سے بڑا اسکور آسٹریلیا نے زمبابوے کے خلاف 229 رنز بناکر کیا، بیٹنگ میں آسٹریلوی آگے رہے، ایرون فنچ نے 4 میچوں میں306 رنز بنائے، جس میں زمبابوے کے خلاف 172 کی بڑی اننگز بھی شامل تھی ،پاکستان کے فخر زمان پانچ میچوں میں278رنزدوسری زمبابوے کے سلو مون نے 4 میچوں میں 212 رنز بنا کر تیسری پوزیشن حاصل کی، بولنگ میں آسٹریلیا کے اینڈریو ٹائی 5 میچوں میں 12 وکٹوں کے ساتھ آگے رہے آسٹریلیا کے بلی سٹین لیک اور ان کے ہم وطن رچرڈ سن نے سات ، سات وکٹ حاصل کی۔پاکستانی کیمپ ایونٹ جیتنے کی صورت میں بھی ان خامیوں پر نگاہ کرے کہ قومی کرکٹرز ایسے ایونٹ یا باہمی سیریز میں انفرادی کارکردگی میں اتنے پیچھے کیوں رہتے ہیں،تب ہی عالمی کپ 2019 کی بہترین ٹیم تیار ہوسکے گی ۔ ایونٹ کے آغاز سے چند دن قبل بولاوایو میں زمبابوے کے صدر پر خوفناک حملہ ہوا تھا ،جس کے باعث سکیورٹی کے حوالہ سے بڑے سوالات اٹھے، تاہم کرکٹ آسٹریلیا نے اس کے باوجود دورہ کیا، اچھی بات ہے کہ آسٹریلیا نے پاکستان کی طرح تیسرے ملک کو نشانے پر نہیں لیا،کرکٹ کے لئے بھی بہت اعلیٰ عمل ہوا، مگر سوال یہ ہے کہ اس آسٹریلیا سمیت دیگر کرکٹ ممالک کو پاکستان کا دورہ کرنے میں کیا مشکلات ہیں ؟اب تو ورلڈ الیون، سری لنکا اور ویسٹ انڈیز کی ٹیمیں بھی یہاں کھیل چکی ہیں ،ایسے میں اس سال کے آخر میں آسٹریلیا نے پاکستان میں ٹی 20میچ کھیلنے سے انکار کیوں کیا؟ نیوزی لینڈ کرکٹ بورڈ کو بھی دعوت ہے وہ ابھی سوچ و بچار میں مصروف ہے، دہشت گردی کے واقعات ہر ملک میں ہو رہے ہیں لیکن منافقت سے بھر پور فیصلے صرف پاکستان کے لئے ہی کیوں ہیں، کرکٹ آسٹریلیا کو اپنے حالیہ دہرے معیار پر غور کرنا چاہئے،ٹی 20کپ کے بعد پاکستان نے 13جولائی سے زمبابوے کے خلاف 5ایک روزہ میچوں کی سیریز کھیلنی ہے بابراعظم بھی فٹ ہو گئے ہیں۔ قومی ٹیم پہلے

سے زیادہ مضبوط ہوئی۔ ٹیم کو5.0سے فتح حاصل کرنی چاہئے ،ورلڈ کپ 2019ء کے لئے عملی آغاز ہے ،اس وقت پاکستان 102 ریٹنگ پوزیشن کے ساتھ 5ویں نمبر پر

ہے، 100ریٹنگ کے ساتھ آسٹریلیا اس کے بالکل قریب چھٹے نمبر پر موجود ہے ۔انگلینڈ اور بھارت 126اور 122کے ساتھ تو پہلے اور دوسرے نمبر پر ہیں اور ان کی 3میچوں کی سیریز 12جولائی سے شروع ہو رہی ہے ان دونوں کی سریز کے جو بھی نتائج نکلیں ،یہ ٹیمیں آگے پیچھے ہونگی، اس طرح پاکستان اگر پانچوں میچ جیت بھی جائے تو اس کی ریٹنگ صرف 2پوائنٹ بڑھے گی اور اس کی پوزیشن پانچویں ہی رہی ہے گی لیکن اس کا فائدہ یہ ہو گا کہ اس کا آسٹریلیا سے فاصلہ بڑھ جائے گا۔

تازہ ترین
تازہ ترین