• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

امریکہ اپنے اتحادیوں کی قدر کرے جو زیادہ نہیں رہے، ڈونلڈ ٹسک

امریکہ اپنے اتحادیوں کی قدر کرے جو زیادہ نہیں رہے، ڈونلڈ ٹسک

یورپین کونسل کے صدر ڈونلڈ ٹسک نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا ہے کہ امریکہ اپنے اتحاد یوں کی قدر کرے جو اب اس کے پاس بہت زیادہ نہیں رہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے آج امریکی صدر کے نیٹو سمٹ کیلئے برسلز پہنچنے سے قبل اپنی ایک ٹویٹ میں کیا ۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ کے پاس یورپ سے اچھا اتحادی نہ ہے اور نہ ہو گا ۔

ا نہوں نے صدر ٹرمپ کی جانب سے یورپ کو روزانہ کی بنیاد پر تنقید کا نشانہ بنانے کی روش پر اعتراض کرتے ہوئے انہیں یاد دلایا کہ یہ یورپین افواج تھیں جنہوں نے 11 ستمبر کو امریکہ پر ہونے والے حملوں کے بعد اس کے ساتھ ملکر افغانستان میں لڑائی لڑی اور ہلاکتیں برداشت کیں ۔

یورپین کونسل کے صدر نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے اس بیان پرکہ یورپ نیٹو میں اپنے دفاع کیلئے زیادہ رقم مختص کرے، کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ یورپ دفاع پر روس سے زیادہ اور چین کے تقریباً مساوی خرچ کررہا ہے ۔

یاد رہے کہ کل سے نیٹو ہیڈ کوارٹر برسلز میں نیٹو کا اجلاس شروع ہورہا ہے ۔ نیٹو ہیڈ کوارٹر میں منعقد ہونے والے اس اجلاس میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ سمیت دفاعی اتحاد میں شامل ممالک کے سربراہان مملکت وحکومت شرکت کریں گے ۔

تازہ ترین