• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
راجر فیڈرر نمبر ون بیٹسمین؟

ٹینس سپر اسٹار راجر فیڈرر ان دنوں سال کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم ومبلڈن میں مصروف ہیں اور دفاعی چیمپیئن عمدہ کھیل کا مظاہرہ کرتے کوارٹر فائنل میں پہنچ چکے ہیں۔

ٹورنامنٹ کے پری کوارٹر فائنل میچ میں فیڈرر نے ایڈرین منارینو کے خلاف میچ میں ایک ایسا شاٹ کھیلا جس پر بھارتی لیجنڈ سچن ٹنڈولکر ٹوئٹر پر ٹینس اسٹار کی تعریف کیے بغیر رہ نہ سکے۔

ٹنڈولکر اور فیڈرر بہترین دوست تصور کیے جاتے ہیں اور بھارتی بیٹسمین اپنے دوست فیڈرر کی کرکٹ کی صلاحیتوں کے بھی معترف ہیں، دونوں کھلاڑی ایک دوسرے کو سراہنے کا کوئی موقع ہاتھ سے نہیں جانے دیتے۔


میچ کے دوران شاٹ کورٹ کے باہر گرنے کے باعث منارینو کو پہلے ہی پوائنٹ مل چکا تھا اور جب ان کے حریف نے ان کی جانب گیند واپس پھینکی تو اس موقع پر انہوں نے خوبصورت دفاعی شاٹ کھیل کر گیند کو بال بوائے کی جانب کھیل دیا۔

ٹنڈولکر نے اس شاٹ کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ہمیشہ کی طرح ہاتھ اور آنکھ کا بہترین امتزاج اور راجر فیڈرر کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ جب آپ 9 واں گرینڈ سلیم جیت لیں گے تو ہم ٹینس اور کرکٹ پر نوٹس آپس میں شیئر کریں گے۔

ومبلڈن نے بھی ٹنڈولکر کے اس ٹوئٹ کا نوٹس لیا اور آئی سی سی کو ٹیگ کرتے ہوئے پوچھا کہ 'اس بہترین فارورڈ دفاعی شاٹ پر فیڈرر کو کتنی ریٹنگ دی جانی چاہیے۔


آئی سی سی نے بھی ٹینس کے سب سے بڑے گرینڈ سلیم کے ٹوئٹ کا جواب دیتے ہوئے ایک تصویر شیئر کی جس میں سوئس اسٹار کو عالمی نمبر ایک بلے باز قرار دیا گیا۔


دفاعی چیمپیئن راجر فیڈر کا کوارٹر فائنل میں جنوبی افریقہ کے کیون اینڈرسن سے مقابلہ ہو گا۔

تازہ ترین