• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

کراچی میں ہلکی بوندا باندی

کراچی شہر کے مختلف علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہونے سے موسم خوش گوار ہو گیا، آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران شہر قائد میں مطلع ابرآلود اور بادل چھائے رہنے کا امکان ہے، شہر میں آج مزید بوندا باندی اور ہلکی بارش بھی ہوسکتی ہے۔

کراچی میں علی الصبح شارع فیصل، ملیر، ایئرپورٹ، گلستان جوہر، گلشن اقبال، فیڈرل بی ایریا، نارتھ کراچی، ناگن چورنگی، بفر زون، نیو کراچی، نارتھ ناظم آباد، ناظم آباد، گولیمار، لسبیلہ ،گارڈن، گرومندر، ایم اے جناح روڈ، آئی آئی چندریگر روڈ سمیت دیگر علاقوں میں ہلکی بوندا باندی ہوئی۔

ہلکی بارش کے ساتھ ہی سڑکوں پر پھسلن پیدا ہوگئی اور مختلف علاقوں میں متعدد موٹرسائیکلیں سڑکوں پر پھسل گئیں اور ان پر سوار افراد زخمی ہوئے۔

کراچی میں صبح سویرے ہونے والی بارش نے موسم خوشگوار کر دیا، صبح سویرے بوندا باندی سے نہ صرف موسم سہانا ہوگیا بلکہ شہریوں کا موڈ بھی خوشگوار ہوگیا ہے،تاہم کراچی والوں کو تیز بارش کا انتظار ہے۔

محکمہ موسمیات کی جانب سے کہا گیا ہے کہ آئندہ آنے والے دنوں میں آسمان بادلوں سے ڈھکا رہے گا،شہری بوندا اور ہلکی بارش کا لطف اٹھا سکیں گے۔

صبح صبح شہر قائد میں کہیں ہلکی پھوار ہوئی تو کہیں بوندا باندی نے موسم کا رنگ بدل دیا،موسم کا حال بتانے والوں نے بتایا ہے کہ آئندہ 24گھنٹوں کے دوران ہلکی بارش اور بوندا باندی ہو گی، البتہ تیز بارش کا کوئی امکان نہیں۔

محکمہ موسمیات کے ڈائریکٹر عبدالرشید کے مطابق آئندہ آنے والے دن کراچی میں موسم خوشگوار رہنے کا امکان ہے، بادل چھائے رہیں گے جبکہ بوندا باندی اور ہلکی بارش کا سلسلہ بھی جاری رہنے کا امکان ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق آج زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے36ڈگری سینٹی گریڈ رہنے کا امکان ہے جبکہ جنوب مغربی علاقوں سے ہوائیں 18 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل رہی ہیں، ہوا میں نمی کا تناسب 70 فیصد ہے۔

واضح رہے کہ مون سون کا سلسلہ پورے ملک میں شروع ہوچکا ہے، جس کے ساتھ ہی ملک بھر میں گرج چمک کے ساتھ بارشوں کا سلسلہ جاری ہے۔

پنجاب کے شہر منڈی بہاءالدین اور اس کے گردونواح میں موسلا دھار بارش ہو رہی ہے۔

تازہ ترین