• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

لاہور:سکھ پولیس افسر گھر سے بے دخل،ویڈیو وائرل


پاکستان کے پہلے سکھ پولیس افسر گلاب سنگھ نے متروکہ املاک بورڈ کے اہلکاروں پر الزا م عائد کیا ہے کہ انہیں بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا اور گھرسے باہر نکال دیا ،بورڈ کے اہلکاروں نے اس کے اہل خانہ کو گھر سےباہر نکال کر تمام سامان سمیت اسے سیل کر دیا ،انہوں نے اتنی مہلت بھی نہیں دی کہ وہ اپنے چپل یا جوتے پہن سکتے۔

لاہور:سکھ پولیس افسر گھر سے بے دخل،ویڈیو وائرل

گلاب سنگھ کا ایک ویڈیو پیغام بھی منظر عام پر آیا ہے جس میں گلاب سنگھ کہتا ہے کہ میں اپنی بیوی اور بچوں کے ساتھ اپنے گھر کے باہر کھڑا ہوں جہاں سے مجھے میرے بالوں سے پکڑ کر گھسیٹا گیا اور باہر نکال دیا گیا ، جس طرح مجھے نکالا گیا اس سے میری عزتی ہوئی ہے، اس طرز عمل سے میرے اہل خانہ کی بے عزتی ہوئی ہے،گھر سے بے دخل کرنے کا یہ طریقہ نہیں ہوتا،اگر گھر ہی خالی کرانا تھا تو مجھےنوٹس جا ری کیا جاتا لیکن یہ جگہ اور گھرمحکمہ اوقاف والوں کا ہے ہی نہیں تو ان کو مجھے اس طرح گھر سے نکالنے کا کیا جوازہے،میری متعلقہ حکام سے التجا ہے کہ وہ اس کا سختی سے نوٹس لیں اور مجھے انصاف دلائیں۔

گلاب سنگھ کا ویڈیو پیغام میں مزید کہنا ہے کہ یہ تمام انتقامی کارروائی میرے خلاف محکمہ اوقاف کے تاراسنگھ کی ایما ءپر ہو رہی ہےجس کا مقصد یہ ہے کہ وہ میرے ننگرہار میں واقع گھر کو منظر عام پر لائے لیکن اس طرز عمل سے مجھے تکلیف و اذیت کا سامنا ہوا ہے میرے اہل خانہ کو تکلیف ہو ئی ہے اس کا نوٹس لیتے ہو ئے مجھے انصاف فراہم کیا جائے۔

بھارتی میڈیا نے پرو پگنڈہ کرتے ہو ئے کہا ہے کہ گلاب سنگھ کو اس موقع پر زدوکوب بھی کیا گیا ،اس کی پگڑی بھی اتاری گئی جبکہ گھر سے کوئی سامان بھی اٹھانے کی مہلت نہیں دی۔

گلاب سنگھ کا کہنا ہے کہ 1947میں خون خرابے اور تمام تر مصائب کے با وجود ہمارے بزرگوں نے پاکستان میں ہی قیام کا فیصلہ کیا ،ان کے دادایشر سنگھ کہا کرتے تھے کہ یہ دھرتی میری دھرتی ہے میں اسے کبھی نہیں چھوڑوں گا،لیکن ہمیں پاکستان میں رکنے کی سزا دی جا رہی ہے اور یہاں سے بے دخلی پر مجبور کیا جا رہا ہے۔بھارتی میڈیا کے مطابق گلاب سنگھ کا کہنا ہے کے اس کو اور اس کے اہل خانہ کو گھر سے بے دخل کرنے کے دوران بے دردی سے مارا پیٹا بھی گیا اور میرے مذہبی جذبات کو بھی ٹھیس پہنچائی گئی۔

گلاب سنگھ نے اس موقع پر کہا کہ پاکستان سکھ گرودوارا پاربھک کمیٹی کا صدر تارا سنگھ ذاتی دشمنی کے باعث صرف مجھے نشانہ بنا رہا ہے ۔گلاب سنگھ نے کہا کہ وہ پاکستان کی عدالت کا بھی دروازہ کھٹکھٹائے گا جبکہ دہلی سکھ گوردوارہ مینجمنٹ کمیٹی یہ معاملے سپرد کرے گا ۔

تازہ ترین