• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

دہشت گردی کیخلاف عوام اور فوج متحد، دشمنوں کے مقابلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، آرمی چیف، حملہ آور سامنے آئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، اسفندیار، سیاسی قیادت کا اظہار یکجہتی

دہشت گردی کیخلاف عوام اور فوج متحد، دشمنوں کے مقابلے سے پیچھے نہیں ہٹیں گے، آرمی چیف، حملہ آور سامنے آئے میدان خالی نہیں چھوڑیں گے، اسفندیار، سیاسی قیادت کا اظہار یکجہتی

پشاور (ایجنسیاں)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے پشاور خودکش حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف عوام اور فوج متحد ہیں، انہوں نے بلور خاندان اور اے این پی سے اظہار تعزیت کیا ،آئی ایس پی آرکے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے اپنے پیغام میں کہا کہ دہشت گرد قوتوں کو پرامن پاکستان پسند نہیں ہم ان کو شکست دے کر رہیں گے، ہم مستحکم پاکستان کیلئے کوشاں ہیں،دشمن قوتوں کے گٹھ جوڑ سے لڑرہے ہیں جنہیں پرامن پاکستان ہضم نہیں ہوتا، عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیار ولی خان نے کہا ہے کہ اے این پی کو انتخابی عمل سے آئوٹ کرنے کیلئے سازش کی جا رہی ہے ، بہت صبر کر لیا ، دشمن میں غیرت ہے تو سامنے آ کر وار کرے ہم بھی بھرپور جواب دیں گے ، چھپ کر پیٹھ پر وار کرنے والے غیرت مند نہیں بزدل لوگ ہیں ، میدان خالی نہیں چھوڑیں گے ، الیکشن میں بھرپور طریقے سے حصہ لیں گے، دشمن جانتا ہے کہ جب تک بلور خاندان ہے پشاور پر کوئی قبضہ نہیں کر سکتا ،بدھ کو بلور ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ کہ2013میں بھی دہشت گردوں نے ہمیں دیوار سے لگانے کیلئے ٹارگٹ کیا لیکن اب 2013نہیں یہ 2018ہے اور اے این پی کسی صورت دشمنوں کی سازش کے سامنے نہیں جھکے گی، اسفندیار ولی خان نے تین روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی سرگرمیاں معطل رہیں گی اور تین دن بعد معمول کے مطابق انتخابی میدان میں نکلیں گے ،انہوں نے امید ظاہر کی کہ عظیم سانحہ پر دیگر سیاسی جماعتیں بھی اظہار یک جہتی کے طور پر سیاسی سرگرمیاں معطل کریں گی ، ہر داڑھی والے کو نہیں پکڑ سکتے، ہر داڑھی والے کو طالبان کہنا زیادتی ہوگی، ایک اور سوال کے جواب میں اسفندیار ولی خان نے کہا کہ اتنے بڑے سانحے کے بعد بھی کوئی کہہ سکتا ہے کہ یہ شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات ہیں؟ ہمارے تحفظات بڑھتے جا رہے ہیں ، انہوں نے بشیر احمد بلور شہید اور ان کے فرزند ہارون بلور شہید کی قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور کہا کہ ان لازوال قربانیوں کے نتیجے میں ملک امن کا گہوارہ ضرور بنے گا،انہوں نے سانحے میں شہید ہونے والے تمام افراد کے لواحقین سے بھی دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے تمام شہداء کی مغفرت اور لواحقین کے صبر جمیل کیلئے دعا کی، ادھر کالعدم تحریک طالبان پاکستان نے ہارون بلور پر خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے،اپنے ایک بیان میں تحریک طالبان کے ترجمان محمد خراسانی نے خودکش حملے کی ذمہ داری قبول کی تاہم ابتدائی طورپر حملہ آور سے متعلق مزید تفصیلات سامنے نہیں آسکیں، دریں اثناء سیاسی قیادت نے بھی اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے ملک بھر میں اپنی ریلیاں اور جلسے منسوخ کردیے ، پارٹی نے پشاور میں ہونے والا جلسہ منسوخ کردیا ،بلاول بھٹو آج بلور ہائوس تعزیت کے لئے آئیں گے، پاکستان تحریک انصاف نے ایک روزہ سوگ کا اعلان کرتے ہوئے ہارون بلور اور عوامی نیشنل پارٹی کے شہداکے سوئم پرچیئرمین عمران خان کے پشاوراورمردان میں طے شدہ جلسے بھی منسوخ کردیے ، صدر مملکت ممنون حسین نے پشاور میں ہونے والے دھماکے کی شدید مذمت کی اور اس واقع میں شہید ہونے والے ہارون بلور سمیت تمام افراد کی بلندی درجات اور لواحقین کے لئے صبرِ جمیل کی دعا کی ہے، متحدہ مجلس عمل کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے عوامی نیشنل پارٹی کے رہنما ہارون بلور کی شہادت کو افسوس ناک‘ قابل مذمت اور ملک دشمن عناصر کی سازش قرار دیتے ہوئے اسے سیکورٹی انتظامات پر بڑا سوالیہ نشان قرار دیا، ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیرہ اسماعیل خان میں جے یو آئی کے تحصیل جنرل سیکرٹری چوہدری اشفاق ایڈووکیٹ کی جانب سے دیئے گئے استقبالیہ سے خطاب کے دوران کیا،اسلام امن کا دین ہے، بے گناہوں کی جان لینا انتہائی غیر اسلامی فعل ہے۔

تازہ ترین