• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن

جی ڈی پی کی شرح 13 برس کی بلند ترین سطح پر، خسارے سے مشکلات ہیں، اسٹیٹ بینک

جی ڈی پی کی شرح 13 برس کی بلند ترین سطح پر، خسارے سے مشکلات ہیں، اسٹیٹ بینک

کراچی(اسٹاف رپورٹر) مالی سال 18ء کے دوران حقیقی جی ڈی پی میں توسیع ہوتی رہی اوریہ 13؍ برسوں کی بلند ترین 5.8؍ فیصد نمو حاصل کرنے میں کامیاب رہی، امن و امان کی بہتر صورتحال کے باعث کاروباری احساسات میں بہتری کے نتیجے میں قرضوں کے استعمال خاص طور پر معین سرمایہ کاری قرضوں میں اضافہ ہوا، تاہم اس بہتر معاشی نمو کے ساتھ جڑواں خساروں میں اضافہ ہو ا جو معاشی ترقی کی پائیداری کیلئے مشکلات کا باعث ہے، بڑھتے ہوئے خسارے نے حقیقی معیشت کی کارکردگی کااثر زائل کردیا ہے ۔ یہ بات بینک دولت پاکستان کی پاکستانی معیشت کی کیفیت پر گزشتہ روز جاری تیسری سہ ماہی رپورٹ میں کہی گئی ہے۔ رپورٹ میں نشاندہی کی گئی کہ فصلوں کے ذیلی شعبوں خاص طور پر کپاس اور گنے میں بہتری سے زراعت کے شعبے کی کارکردگی کو گذ شتہ برس سے بڑھانے میں مدد ملی۔ سی پیک اور سرکاری شعبے کے ترقیاتی پروگرام (پی ایس ڈی پی )کے باعث تعمیرات اور منسلکہ صنعتوں کی قابل ذکر کارکردگی کے نتیجے میں صنعتی شعبے میں نمو بلند رہی۔ خصوصاً، بڑے پیمانے کی اشیا سازی (ایل ایس ایم )کی بہتر کارکردگی کو بلند ملکی طلب ، کاروباری ماحول میں بہتری اور کچھ صنعتوں کی پیداواری استعداد میں توسیع سے مدد ملی۔ اجناس پیدا کرنے والے شعبوں میں مضبوط سرگرمی سے بھی خدمات کے شعبے کو اپنی نمو کی رفتار برقرار رکھنے کا موقع ملا۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ اہم غذائی اشیا جیسے گندم، شکر اور چاول کی وافر فراہمی کے نتیجے میں غذائی مہنگائی میں کمی آئی جس سے غیر غذائی اشیا میں بلند مہنگائی کے اثر کو زائل کرنے میں مدد ملی۔

تازہ ترین