• بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
تزئین نو دے آپ کے گھر کو نئی شان

گھر چاہے کتنا ہی پرانا کیوں نہ ہو، اگر آپ ہر تھوڑےعرصے بعد اس کی تزئینِ نو کرواتے رہیں تو سالوںپرانا گھر کبھی خستہ اور بوسیدہ محسوس نہیں ہوگا۔ مہنگائی کے اس دور میں کسی بھی شخص کے لیے گھر تبدیل کرنا آسان نہیں ہوتا۔ اس لیے لوگ وقتاًفوقتاً گھر کی تزئینِ نو پر توجہ دیتے ہیں، جس کے باعث زیادہ سرمایہ لگائے بغیر کوئی بھی گھر پھر سے نئی بنیادوں پر تعمیر ہوا محسوس ہونے لگتا ہے۔ 

مہنگائی کے اس دور میں اگر آپ اپنے گھر کی خستہ حالی سے اکتا گئے ہیں مگر گھر تبدیل نہیں کرسکتے یا وہ لوگ جنھوں نے پراناگھر خریداہے، تو اسے رینوویٹ کرانے کا ارادہ رکھتے ہیں۔ایسےتمام افراد آج کے مضمون میں جان سکتے ہیں کہ وہ کون سے اہم اصول ہیں جو تزئینِ نوکے دوران اُن کے لیے کارآمد ثابت ہوسکتے ہیں۔

منصوبہ بندی

گھر کی متاثر کن تزئینِ نو کے لیےمتاثر کن منصوبہ بندی انتہائی ضروری ہے۔ اس مقصد کےلیےسب سے پہلے کسی تجربہ کار ماہر تعمیرات کی مدد حاصل کریں کیونکہ تجربہ کار معمار یا ماہر تعمیرات ہی آپ کو بتا سکتا ہے کہ گھرمیں کن جگہوں پر تبدیلی لائی جاسکتی ہے، اس دوران کون سا حصہ گرانا پڑے گااور کونسےحصے میں معمولی تبدیلی درکار ہوگی۔اگر آپ یہ کام کسی ٹھیکیدار کے سپرد کرتے ہیں تو اسے اپنا بجٹ بتادیں اور اس سے رائے لیںکہ اس بجٹ کے اندر رہتےہوئے گھر میں کتنی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

بجٹ

کسی بھی منصوبہ پر عمل کرنے کےلیے بجٹ پر غورو خوض کرنانہایت ضروری ہوتاہے۔ اگر آپ چاہتے ہیں کہ تزئینِ نو آپ کی جیب پربھاری نہ پڑے تو اپنے بجٹ پر غور کریں۔ایک لسٹ تیار کرلیں، جس میں تزئینِ نو کے دوران مختلف چیزوں پر اُٹھنے والے ممکنہ اخراجات اور تزئینِ نو کے بعد کی جانے والی سجاوٹ پرآنے والے ممکنہ اخراجات درج کریں۔ یہ اصول نہ صرف رینو ویشن بلکہ گھر خریدنے کے بعد اس میں شفٹ ہونے سے پہلےیا بعد میں کی جانے والی تھوڑی بہت تبدیلی پربھی لاگو ہوگا۔

تحقیق

بجٹ کے بعد اگلا مرحلہ ہوتا ہےریسرچ کا۔ سب کچھ معمار پر نہ چھوڑیں۔ اپنے ذرائع استعمال کرتے ہوئے چیک کریں کہ بجٹ کے اندر رہتے ہوئے کس طرح اچھے اچھے ٹرینڈز اور اسٹوریج آئیڈیاز پر عمل کرکے تزئینِ نو یا شفٹنگ سے قبل گھر میں کیا ٹرینڈی تبدیلیاں لائی جاسکتی ہیں۔دوسری جانب تزئینِ نو کے ساتھ ساتھ ڈیکوریشن پیس،پردے اور رنگ و روغن سے متعلق بھی ریسرچ کرتے جائیں کیونکہ تزئینِ نو ان کے بغیر ادھوری ہوتی ہے۔

اولین ترجیح ، بیرونی حصہ اور دروازے

دروازےاور گھر کا بیرونی حصہ آپ کی پہلی توجہ کے مستحق ہیں۔یہ گھر کےوہ حصے ہیں جہاں سب سے پہلے نظرجاتی ہے، ا س لیے ان کے متعلق لازمی سوچیں، اگر آپ انھیں تبدیل نہیں کرواسکتے تو ان پر رنگ ہی کروادیں۔ دروازوں پر پہلے سے موجو درنگ کوہی دوبارہ کروانے کے بجائے رنگ تبدیل کردیں، اس طرح آپ کو خوشنما تبدیلی محسوس ہوگی۔ دوسری جانب بیرونی حصے کا اگر رنگ تبدیل نہیں کرواسکتے توپہلے والے رنگ کا ایک کوٹ ہی کروادیں، ایسا کرنے سے اس میں نیا پن بھی آجائے گااور آپ کی جیب پر بھاری بھی نہیں پڑے گا۔

رنگ روغن

گھر میں کیا گیا رنگ وروغن گھر کی تزئینِ نو میں اہم کردار اداکرتا ہے۔اگر آپ کو لگتا ہے کہ گھر کی تمام دیواروں کا رنگ خراب نہیں ہے تاہم ایک ہی جیسےرنگ سے اکتاہٹ محسوس کرنے لگے ہیں تو کم بجٹ میں بہترین آئیڈیا یہ ہےکہ کسی ایک دیوارکا رنگ تبدیل کروالیا جائے، دوسری جانب کلر کومبو بھی بہترین آئیڈیا ہے۔رنگ وروغن سے متعلق ایک اصول یاد رکھیں کہ کسی بھی حصے میں ہوا رنگ وروغن گھر کی روشنی کو متاثر کرتاہے، اس لیے رنگوں سے متعلق معلومات حاصل کرناضروری ہے۔

چھوٹے کمرے دکھائیں بڑے

اگر گھر میں کوئی کمرہ چھوٹا ہے تو اسے بڑا دکھانے کا سب سے بہترین آئیڈیا یہ ہے کہ ان کمروں میں شیشوں کا زیادہ سے زیادہ استعمال کیا جائے۔اگر چہ یہ تھوڑا مہنگا آئیڈیا ہے لیکن آپ کے چھوٹے سے کمرے کو بھی بڑادکھانے کیلئے نہایت مناسب ہے۔

کچن اینڈ اسٹوریج

اگر آپ کا کچن چھوٹا اور سامان زیادہ ہے تو جدید کیبنٹ اسٹائل کے ذریعے آپ اس مشکل کا حل بآسانی نکال سکتے ہیں۔ جدید کیبنٹ اسٹائل میں ایک کیبنٹ میں لکڑی یا اسٹیل استعمال کرتے ہوئے اس کو دو سے تین حصوں میں تقسیم کردیا جاتا ہے، اس کے ذریعے چھوٹے سے کچن میں زیادہ سامان ذخیرہ کرنے کی گنجائش پیدا ہوجاتی ہے۔

کھڑکیاں

دروازوں کی طرح کھڑکیاں بھی تزئینِ نو کا اہم حصہ ہوتی ہیں۔ کمرے کو بڑا اور روشن دکھانے کے لیے چھوٹی کھڑکیوں کو بڑا کروائیں، اگر یہ آپ کے بجٹ سے باہر ہے تو کھڑکیوں کو دوبارہ رنگ کروانے سے بھی گھر میں مناسب تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

باتھ روم

باتھ روم کی تزئینِ نو کے دوران کسی ایک دیوا ر کا ماربل یاٹائل تبدیل کروانے سے تعمیر نو کی خواہش کو پوراکیا جا سکتاہے۔ اس کے علاوہ آدھی ٹائل والی دیواروں کو فل ٹائل کروانےاور سینٹری سامان بدلنےسے بھی بہترین تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

فلو ر کی تزئینِ نو

فرش کی تعمیر نو آپ کے بجٹ پر منحصر ہے۔ اگر آپ بجٹ میں رہتے ہوئے آسانی سے فرش تبدیل کرواسکتے ہیںتوضرور کروائیں بصورت دیگر کارپٹ ڈال کر بھی تبدیلی لائی جاسکتی ہے۔

تازہ ترین