آپ آف لائن ہیں
اتوار 8؍ذوالقعدہ1439ھ 22؍ جولائی2018ء
Namaz Timing
  • بانی: میرخلیل الرحمٰن
  • گروپ چیئرمین و ایگزیکٹوایڈیٹر: میر جاوید رحمٰن
  • گروپ چیف ایگزیکٹووایڈیٹرانچیف: میر شکیل الرحمٰن
’’الیکشن میں مداخلت ہو رہی ہے‘‘

سابق چیئرمین سینیٹ رضا ربانی کا کہنا ہے کہ الیکشن میں مداخلت ہو رہی ہے، الیکشن کمیشن اپنا آئینی کردار ادا کرنے میں ناکام رہی ہے اور الیکشن اپنے انعقاد سے قبل ہی متنازع ہوگئے ہیں۔

رضا ربانینے بتایا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن نےکہا ہے بیرونی ہاتھ الیکشن کامیاب نہیں ہونے دیں گے، جس کے بعد سیکرٹری الیکشن کمیشن نے اپنے ہی بیان سے اظہار لاتعلقی کر دیا۔

ان کا کہنا تھا کہ سیکرٹری الیکشن کمیشن کا بیان واحد بیان نہیں، اس کے علاوہ نگراں وزیر داخلہ نے بھی کہا کہ ایسے ہاتھ ملوث ہیں جو الیکشن کا انعقاد نہیں چاہتے، جبکہ کوشش کی جا رہی ہے کہ الیکشن کو 25 جولائی سے آگے بڑھا دیا جائے گا۔

رضا ربانی نے کہا کہ سپریم کورٹ کی ہدایت پر کاغذات نامزدگی میں حلف نامہ شامل کرایا گیا، جبکہ حلف نامہ الیکشن ایکٹ کا حصہ نہیں تھا۔

انہوں نے کہا کہ جنرل مشرف آئین کے آرٹیکل 6 کا مجرم ہے لیکن سپریم کورٹ نے کہا کہ جنرل مشرف آکر الیکشن لڑ سکتے ہیں۔

سابق چیئرمین سینیٹ نے کہا کہ ایک سیاسی جماعت نے الیکشن کمیشن سے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا تو الیکشن کمیشن نے پولنگ کا وقت بڑھا دیا، اس بات نے شکوک و شبہات پیدا کر دیئے،جبکہ اس بات سے متعلق باقی جماعتوں سے مشاورت بھی نہیں کی گئی۔

Chatاپنی رائے سے آگاہ کریں